0
Monday 30 Mar 2020 23:37

پاکستان میں فلسطینی عوام سے یکجہتی کیلئے یوم ارض فلسطین منایا گیا

پاکستان میں فلسطینی عوام سے یکجہتی کیلئے یوم ارض فلسطین منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں آج تیس مارچ کو فلسطینی عوام سے یکجہتی کے لئے یوم ارض فلسطین منایا اور سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغامات کے ذریعہ مسئلہ فلسطین کی اہمیت اور فلسطینیوں کے حق واپسی اور جدوجہد آزادی کی حمایت کا اظہار کیا۔ فلسطینیوں سے یکجہتی کے لئے معروف سیاسی و سماجی رہنماؤں سمیت مذہبی رہنماؤں اور انسانی حقوق کے کارکنوں بشمول پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینیٹر مشاہد اللہ خان، پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر اور وزیر برائے ہیلتھ و انجئینرنگ میر شبیر علی بجارانی، سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی، سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان ایڈوکیٹ، میجر (ر) قمر عباس، معروف عالم دین علامہ شہنشاہ حسین نقوی، جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر معراج الھدی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسرار عباسی، جمعیت علما پاکستان کے علامہ قاضی احمد نورانی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما علامہ باقر زیدی، علامہ مقصود ڈومکی، پائیلر کے چیئر مین کرامت علی، کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر منیر ملک، پیرزادہ ازہر علی ہمدانی، آل پاکستان سنی تحریک کے چیئر مین مطلوب اعوان قادری، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل صابر ابومریم سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے ویڈیو پیغامات ریکارڈ کرکے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سوشل میڈیا پر جاری کئے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی وباء کے باعث لاک ڈاؤن جاری ہے، تاہم فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے تمام تر اجتماعی سرگرمیاں معطل کر رکھی ہیں البتہ تیس مارچ فلسطین کے یوم ارض کے موقع پر پاکستان کے عوام اور سیاسی و مذہبی قائدین سے اپیل کی گئی تھی جس پر یوم ارض فلسطین کی مہم کو سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغامات جاری کرکے منایا گیا۔
خبر کا کوڈ : 853660
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش