QR CodeQR Code

کورونا وائرس، پاکستانی نوجوان نے خلیوں میں مزاحمت کا طریقہ ڈھونڈ لیا

31 Mar 2020 00:30

محمد علی شاہ کی تحقیق کے مطابق کورونا وائرس کے جراثیم کو انسانی جسم یا نظام تنفس میں پروٹین بلاکس سے چپکنے سے بچانے کیلئے ایک ایسی ویکسین کا تیار ہونا ضروری ہے، جو جنیاتی مواد کے ذریعے انسانی جسم کے خلیات کو کرونا کے وائرس سے پزل گیم کی طرح لڑنا سکھائے۔


اسلام ٹائمز۔ محمد علی شاہ بھی ان دنوں لاک ڈاؤن میں ہیں، لیکن اپنا یہ قیمتی وقت تحقیق میں صرف کر رہے ہیں، حالیہ دنوں میں انہوں نے مصنوعی ذہانت کے ذریعے کورونا وائرس کی بناوٹ اور انسانی جسم پر پڑنے والے اثرات کا گہرائی سے جائزہ لیا اور ٹھوس نتائج پر پہنچنے میں کامیاب رہے، جو کرونا وائرس سے بچاؤ اور اس کے علاج کا طریقہ دریافت کرنے کی جانب بنیاد فراہم کرتا ہے. محمد علی نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سینتھیٹک اینٹی جینز کی تیاری کے لیے مصنوعی ذہانت کے ایک ایڈوانس طریقے ڈیپ لرننگ ٹکنیک کا استعمال کیا، پہلے پہل انہوں نے مصنوعی ذہانت کے طریقے سے کورونا وائرس کے علاج کی دوا کی تیاری پر توجہ دی، لیکن پھر ایسے اینٹی باڈیز کی تلاش شروع کر دی، جو انسان کے نظام تنفس کو کورونا وائرس کے حملے سے بچا سکیں اور متاثرہ افراد کو پہنچنے والے نقصانات کو کم کرکے کورونا وائرس کو ختم کرنے کی صلاحیت پیدا کرسکیں۔

محمد علی نے 40 لاکھ مالیکیولز اور کمپاؤنڈز کا مصنوعی ذہانت کے ذریعے تجزیہ کیا، جو کورونا وائرس کے علاج میں معاون ثابت ہوسکیں اور ان سے کارگر ترین اینٹی باڈیز بنائے جاسکیں، جو کرونا کے وائرس سے چپک کر اسے انسانی نظام تنفس میں پنجے گاڑھنے سے روک سکیں، چار روز تک جاری رہنے والی تحقیق کا مرکز کورونا وائرس پر خار پشت porcupine جیسی کانٹے دار بناوٹ تھی، جو انسانی جسم میں داخل ہوکر پروٹین بنانے والے بلاکس سے چپک جاتے ہیں۔ محمد علی شاہ کی تحقیق کے مطابق کورونا وائرس کے جراثیم کو انسانی جسم یا نظام تنفس میں پروٹین بلاکس سے چپکنے سے بچانے کے لیے ایک ایسی ویکسین کا تیار ہونا ضروری ہے، جو جنیاتی مواد کے ذریعے انسانی جسم کے خلیات کو کرونا کے وائرس سے پزل گیم کی طرح لڑنا سکھائے، یعنی ویکسین کے جرثومے انسانی خلیوں کو کورونا کے ہر وائرس کے حساب سے اینٹی باڈیز کی ایک ایسی شکل بنائے جو وائرس سے لپٹ کر اس کے کانٹوں کو انسانی خلیوں میں پیوست ہونے سے روک سکیں۔


خبر کا کوڈ: 853673

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/853673/کورونا-وائرس-پاکستانی-نوجوان-نے-خلیوں-میں-مزاحمت-کا-طریقہ-ڈھونڈ-لیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org