QR CodeQR Code

آئندہ پڑھائی پر توجہ دوں گا، متنازع تقریریں نہیں کروں گا

سپریم کورٹ نے ریاست مخالفت تقریر کرنیوالے عالمگیر وزیر کی ضمانت منظور کرلی

31 Mar 2020 11:42

جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دئیے کہ طالبعلم کو اپنی پڑھائی پر توجہ دینا چاہیے، طلبا کو سیاست کا ایندھن نہیں بننا چاہیے۔ جسٹس قاضی امین نے کہا کہ ریاست اور حکومت میں فرق ہوتا ہے، جس پر وکیل نے کہا کہ ملک میں ہر کوئی حکومت پر تنقید کرتا ہے، ملک میں سیاست دان ایک دوسرے کو چور، ڈاکو، لٹیرا تک کہتے ہیں یہ تو طالبعلم ہے۔ جس پر جسٹس قاضی امین نے کہا کہ طالبعلم ہونا ملزم کا کیس میں دفاع نہیں، طلبا قانون سے بالاتر نہیں ہوتے۔


اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ نے ریاست مخالف تقریر کرنیوالے طالبعلم عالمگیر خان وزیر کی ضمانت منظور کرلی ہے۔ جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دئیے کہ طالبعلم کو اپنی پڑھائی پر توجہ دینا چاہیے، طلبا کو سیاست کا ایندھن نہیں بننا چاہیے۔ سپریم کورٹ میں جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ریاست مخالف تقریر کرنیوالے طالبعلم عالمگیر خان وزیر کی ضمانت کیس سماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر وکیل ملزم نے عدالت کو بتایا کہ میرا موکل پنجاب یونیورسٹی کا طالبعلم ہے، جس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ ملزم نے ریاست مخالف تقریر کیوں کہ کیا یہ سٹوڈنٹ لیڈر ہے؟۔ جس پر وکیل ملزم نے کہا کہ نہیں میرا موکل محرومی کا شکار ہے، اس کے جذبات ہیں مگر وہ ریاست مخالف نہیں، میرے موکل نے حکومتی کارکردگی پر تقید کی تھی، اس پر ریاست مخالف مقدمہ نہیں بنتا۔
 
جسٹس قاضی امین نے کہا کہ ریاست اور حکومت میں فرق ہوتا ہے، جس پر وکیل نے کہا کہ ملک میں ہر کوئی حکومت پر تنقید کرتا ہے، ملک میں سیاست دان ایک دوسرے کو چور، ڈاکو، لٹیرا تک کہتے ہیں یہ تو طالبعلم ہے۔ جس پر جسٹس قاضی امین نے کہا کہ طالبعلم ہونا ملزم کا کیس میں دفاع نہیں، طلبا قانون سے بالاتر نہیں ہوتے، ہمارے لیے یہ ملزم ایک عام شہری ہے۔ جس پر وکیل ملزم نے کہا کہ مانتا ہوں سٹوڈنٹ کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ دوران سماعت جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ عدالت کو کوئی یقین دہانی چاہیے کہ آئندہ ملزم صرف تعلیم پر توجہ دے گا، جس پر وکیل نے کہا کہ ملزم کی طرف سے یقین دلاتا ہوں آئندہ ایسی تقریر سے باز رہے گا۔ وکیل کی یقین دہانی پر عدالت نے ملزم کی ضمانت منظور کرلی۔


خبر کا کوڈ: 853733

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/853733/سپریم-کورٹ-نے-ریاست-مخالفت-تقریر-کرنیوالے-عالمگیر-وزیر-کی-ضمانت-منظور-کرلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org