QR CodeQR Code

جسمانی طور پر پاک ہونے کیساتھ ساتھ اپنی روح کی پاکیزگی کی بھی فکر کریں، عنایت امین

31 Mar 2020 20:25

رہنماء جماعت اسلامی خیبر پختونخوا حلقہ خواتین کا کہنا تھا کہ اسوقت ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم بھی مالی معاون بنیں اور دوسرے لوگوں کو بھی ترغیب دیں کہ وہ اپنے مال کو زیادہ سے زیادہ ضرورتمندوں پر خرچ کریں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین خیبر پختونخوا کی ناظمہ عنایت امین نے کہا ہے کہ جسمانی طور پر پاک ہونے کیساتھ ساتھ اپنی روح کی پاکیزگی کی بھی فکر کریں۔ گھروں میں سکون کے اس بیش قیمت وقت کو رجوع الی اللہ کیلئے استعمال کرکے ہم اپنے لئے خیر نکالیں تو یقیناً فلاح پا لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک پیغام میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر ہم جسمانی طور پر تو اپنا رہے ہیں، مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اللہ کی طرف رجوع کریں اور اللہ کے بندوں کی خدمت کریں، استغفار اور دعائیں کریں۔ قرنطینہ کے اسوقت کو قرآن کے وقت کے طور پر استعمال کریں، تاکہ اپنے رب کو منا سکیں۔ عنایت امین نے کہا کہ اس لاک ڈاون کی پیچیدہ صورتحال میں اسوقت ہمارا مزدور طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔ ایسے میں الخدمت جس طرح سے اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے، یہ داد کے مستحق ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسوقت ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم بھی مالی معاون بنیں اور دوسرے لوگوں کو بھی ترغیب دیں کہ وہ اپنے مال کو زیادہ سے زیادہ ضرورتمندوں پر خرچ کریں، تاکہ الخدمت اپنا کام بغیر کسی رکاوٹ کے کرسکے۔ انہوں نے خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت ماں کے آپ پر دوہری اور تہری ذمہ داریاں آن پڑی ہیں، ایسے میں بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں کو بھی مانیٹر کریں اور قرآن کیساتھ بھی ان کے تعلق کو مضبوط بنانے کی کوششیں کریں، اس سلسلے میں آپ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے آن لائن تربیتی پروگرامات سے بھی فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ تاکہ آپ اور آپ کے بچے اس وقت کو اپنے فائدے کیلئے استعمال کرسکیں۔ عنایت امین نے مزید کہا کہ میں بالخصوص کارکنان حلقہ خواتین اور بالعموم تمام خواتین سے مطالبہ کرتی ہوں کہ بحیثیت ایک ذمہ دار شہری کے حکومتی کارروائیوں میں ان کے معاون ثابت ہوں۔


خبر کا کوڈ: 853777

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/853777/جسمانی-طور-پر-پاک-ہونے-کیساتھ-ساتھ-اپنی-روح-کی-پاکیزگی-بھی-فکر-کریں-عنایت-امین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org