QR CodeQR Code

عراق، امریکہ نے کرکوک میں واقع K-1 فوجی اڈے کے بعد نینوی اور موصل کے فوجی اڈے بھی خالی کر دیئے

31 Mar 2020 19:14

داعش کیساتھ نام نہاد مقابلے کے امریکی بین الاقوامی فوجی اتجاد کیجانب سے عراقی صوبے کرکوک میں واقع K-1 امریکی فوجی اڈے سے عقب نشینی کیبعد اب صوبہ نینوی اور موصل کے فوجی اڈوں کو بھی خالی کر دیا گیا ہے جبکہ آئندہ ہفتے خالی ہونیوالے فوجی اڈوں سے عقب نشینی کے بعد امریکی اتحادی فورسز کے عراقی شہر اربیل کے شمال میں واقع "حریر" اور شہر الرمادی کے مغرب میں واقع "عین الاسد" نامی فوجی اڈوں میں واپسی کا امکان موجود ہے۔


اسلام ٹائمز۔ داعش کے ساتھ نام نہاد مقابلے کے امریکی بین الاقوامی فوجی اتجاد کی جانب سے عراقی صوبے کرکوک میں واقع K-1 امریکی فوجی اڈے سے عقب نشینی کے بعد اب امریکی اتحادی فورسز نے عراق کے شمالی صوبے نینوی میں واقع فوجی اڈے کو بھی خالی کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عراقی سکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری ہونے والے ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ عراقی حکومت اور امریکی اتحادی فورسز کے درمیان ہونے والے موثر مذاکرات کے نتیجے میں بین الاقوامی امریکی فوجی اتحاد کے زیرکنٹرول صوبہ نینوی کے فوجی اڈے کو خالی کروا کے عراقی سکیورٹی فورسز کے کنٹرول میں واپس دے دیا گیا ہے۔ عراقی سکیورٹی فورسز کے اس بیان میں کہا گیا ہے کہ نینوی کا یہ فوجی اڈہ قبل ازیں طے شدہ شیڈول کے مطابق عراقی سکیورٹی فورسز کو واپس کیا گیا ہے۔



علاوہ ازیں عراق کے صوبہ کرکوک میں واقع K-1 اور نینوی کے فوجی اڈوں کو خالی کرنے کے ساتھ ساتھ امریکی اتحاد نے عراقی صوبہ موصل میں واقع "مجمع القصور" نامی فوجی اڈے کو بھی خالی کر کے عراقی سکیورٹی فورسز کے حوالے کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ عراقی صوبے کرکوک کے اہم فوجی اڈے K-1 سے عقب نشینی پر مبنی امریکی اتحادی کا بیان گزشتہ روز منتشر کیا گیا ہے جب کہ عراقی سکیورٹی فورسز کی طرف سے گزشتہ ہفتے اس فوجی اڈے کی بھی امریکی فورسز سے مرحلہ وار واپسی کا اعلان کر دیا گیا تھا۔ گزشتہ ہفتے عراقی سکیورٹی فورسز نے شمالی عراق کے صوبوں الانبار و نینوی کے القائم و القیارہ فوجی اڈوں کو امریکی کنٹرول سے واپس لے لینے کا اعلان کیا تھا جبکہ اطلاعات کے مطابق آئندہ ہفتے خالی ہونے والے فوجی اڈوں سے عقب نشینی کے بعد امریکی اتحادی فورسز کے عراقی شہر اربیل کے شمال میں واقع "حریر" اور شہر الرمادی کے مغرب میں واقع "عین الاسد" نامی فوجی اڈوں میں واپسی کا امکان موجود ہے۔


خبر کا کوڈ: 853820

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/853820/عراق-امریکہ-نے-کرکوک-میں-واقع-k-1-فوجی-اڈے-کے-بعد-نینوی-اور-موصل-بھی-خالی-کر-دیئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org