QR CodeQR Code

روزمرہ کے استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں دن بدن اضافہ کیا جا رہا ہے، علامہ باقر زیدی

1 Apr 2020 01:24

ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ سندھ حکومت کی طرف مستحقین کی مدد کے لئے راشن کی تقسیم کے حوالے ضلعی سطح پر جو کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ان میں پارٹی کارکنوں کو فوقیت دی گئی ہے، ایسی صورتحال میں راشن کی تقسیم میں شفافیت برقرار نہ رہنے کا خدشہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے سندھ میں اشیائے خوردونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکومتی نااہلی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزمرہ کے استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں دن بدن اضافہ کیا جا رہا ہے جو عوام کی مشکلات میں اضافے کا باعث ہے، حکومت کے انتظامی معاملات پر گرفت ڈھیلی پڑ رہی ہے جس نے دکانداروں کے حوصلوں میں اضافہ کر رکھا ہے، حکومت کو چاہیئے کہ وہ کورونا سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ انتظامی معاملات پر بھی کڑی نظر رکھیں تاکہ کسی کو قانونی شکنی کا موقعہ نہ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی طرف مستحقین کی مدد کے لئے راشن کی تقسیم کے حوالے ضلعی سطح پر جو کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ان میں پارٹی کارکنوں کو فوقیت دی گئی ہے، ایسی صورتحال میں راشن کی تقسیم میں شفافیت برقرار نہ رہنے کا خدشہ ہے۔

علامہ باقر زیدی نے مزید کہا کہ اگر نادار افراد کے لئے تقسیم کیا جانے والا راشن صرف اپنی پارٹی کے لوگوں تک محدود رہا تو یہ انتہائی ناانصافی ہوگی، اس عمل کو شفاف بنانے کے لئے ضروری ہے کہ ان کمیٹیوں میں سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر علاقے کے دیانت دار افراد کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بعض علاقوں میں لاک ڈاؤن کے دوران پولیس گردی کی رپورٹس بھی منظر عام پر آرہی ہیں، ڈی سی آفس کورنگی میں پولیس کی جانب سے عوام پر تشدد قابل مذمت عمل ہے، ذمہ دار اداروں کا اختیارات سے تجاوز کسی صورت قابل قبول نہیں، عام آدمی پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں انہیں مزید پریشان نہ کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 853839

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/853839/روزمرہ-کے-استعمال-کی-اشیاء-قیمتوں-میں-دن-بدن-اضافہ-کیا-جا-رہا-ہے-علامہ-باقر-زیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org