0
Tuesday 31 Mar 2020 20:41

بھارتی نائب صدر کا پارلیمنٹ اراکین سے کورونا متاثرین کیلئے عطیہ دینے کی اپیل

بھارتی نائب صدر کا پارلیمنٹ اراکین سے کورونا متاثرین کیلئے عطیہ دینے کی اپیل
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے نائب صدر ونکیا نائیڈو نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے ممبران پارلیمنٹ سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے ان سے اپنے ممبر پارلیمنٹ فنڈ میں عطیہ دینے کو کہا ہے۔ ونکیا نائیڈو نے یہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہر ایک ممبر پارلیمنٹ اپنے ممبر پارلیمنٹ فنڈ میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے عطیہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کم از کم ایک کروڑ روپے ہر ممبر پارلیمنٹ کو آغاز میں دینے چاہیئے۔ نائب صدر نے سماجی تنظیموں اور رضاکار اداروں سے غریبوں اور کمزوروں کو کھانا فراہم کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ راستوں میں پھنسے ہوئے تارکین وطن محنت کشوں کے لئے بھی کھانے کا انتظام کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے لوگوں سے وزیراعظم ریلیف فنڈ میں عطیہ دینے کی اپیل کی۔ تمام ممبران پارلیمنٹ کے نام مکتوب میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بنی نوع انسان کے سامنے ایک غیر معمولی بحران پیدا ہوگیا ہے، اس سے نمٹنے کے لئے حکومت، شہری تنظیموں، پرائیویٹ سیکٹرز اور عام آدمی کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ ونکیا نائیڈو نے مالی، انسانی وسائل اور ضروری اشیاء کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مختلف ذرائع سے وسائل اکٹھا کر رہی ہے۔ اس میں سبھی کو تعاون کرنا چاہیئے جس سے ضلع اور مقامی سطح پر لوگوں کی مدد کی جا سکے۔
 
انہوں نے مہاجر محنت کشوں کے حالات جاننے کے لئے مرکزی لیبر اور روزگار وزیر سنتوش گنگوار اور کابینہ سکریٹری راجیو گابا سے بات کی۔ بھارتی نائب صدر نے کہا کہ ممبرپارلیمنٹ فنڈ کے استعمال سے متعلق قواعد و ضوابط میں حکومت نے تبدیلی کی ہے۔ کورونا وائرس کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس سلسلہ میں ہدایات بھی جاری کئے گئے ہیں۔ اس سے قبل ونکیا نائیڈو نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے جنرل سیکریٹریوں، راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش اور ایوان میں اپوزیشن پارٹیوں کے ممبران کے ساتھ بات چیت کی۔ ادھر سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) نے کورونا وائرس سے لڑنے کے پی ایم کیئر فنڈ میں 21 لاکھ روپے عطیہ دیا۔ بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ترپاٹھی نے اتوار کو یہاں ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے بے مثال بحران پیدا ہوگیا ہے۔ ترپاٹھی نے کہا ہے کہ سی بی ایس ای ایسے بحران میں پہلے بھی اپنی طرف سے تعاون کرتا رہا ہے۔ اس بار گروپ اے کے ملازمین نے دو دن کا اور گروپ بی اور سی کے عملہ نے ایک دن کی تنخواہ وزیراعظم کیئر فنڈ میں دی ہے تاکہ حکومت اس وباء سے مقابلہ کرسکے۔
خبر کا کوڈ : 853850
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش