QR CodeQR Code

نئی دہلی، تبلیغی جماعت پر کورونا وائرس پھیلانے کا الزام

31 Mar 2020 22:14

نئی دہلی کو کورونا وائرس کا مرکز قرار دیا جا رہا ہے جہاں اب تک درجنوں افراد کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور یہاں لگ بھگ سات اموات ہوچکی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ نئی دہلی کی انتظامیہ نے یہاں تبلیغی جماعت کا مرکزی دفتر سیل کر دیا ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق نئی دہلی کی انتظامیہ نے تبلیغی جماعت کے مرکز میں عوامی اجتماعات کے انعقاد کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ حکام نے تبلیغی جماعت کے مرکز میں کورونا وائرس سے متاثرہ درجنوں افراد کی موجودگی کے خدشے کا اظہار کیا تھا۔ اس مرکز میں ملائیشیا، انڈونیشیا، تھائی لینڈ، نیپال، میانمار اور سعودی عرب کے شہری تبلیغ کے سلسلے میں آئے ہیں۔ نئی دہلی کو کورونا وائرس کا مرکز قرار دیا جارہا ہے جہاں اب تک درجنوں افراد کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور یہاں لگ بھگ سات اموات ہوچکی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن اور عوامی اجتماعات پر پابندی کے باوجود تبلیغی جماعت کے مرکز میں لوگوں کا آنا جانا لگا ہوا ہے جہاں بیرونِ ملک سے آنے والے افراد کی بھی بڑی تعداد موجود ہے۔ پولیس کارروائی میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ تبلیغی جماعت نے اپنے اجتماعات کے ذریعہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کی ہے۔

دہلی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تبلیغی جماعت کے مرکز میں سماجی رابطوں میں دوری اور خود کو تنہا رکھنے جیسی ہدایات پر عمل درآمد بھی نہیں کیا جا رہا جو کہ غفلت کے مترادف ہے۔ حکام کے مطابق تبلیغِی مرکز میں عوامی اجتماعات مجرمانہ فعل ہیں جس سے دیگر لوگوں کی زندگیاں بھی خطرے میں پڑگئی ہیں۔ دوسری جانب تبلیغی جماعت کے مرکز کے منتظم مشرف علی کا کہنا ہے کہ پولیس اور شہری انتظامیہ سے تعاون کر رہے ہیں لیکن لاک ڈاؤن نے مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ نئی دہلی میں تبلیغی جماعت کے سربراہ مولانا صاد کے خلاف پولیس نے کیس درج کیا ہے جس کے تحت کہا جارہا ہے کہ مولانا صاد کو جلد گرفتار کیا جاسکتا ہے۔ ادھر بھی مسلمانوں نے تبلیغی جماعت کے خلاف کارروائی کو ایک گہری سازش قرار دیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 853864

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/853864/نئی-دہلی-تبلیغی-جماعت-پر-کورونا-وائرس-پھیلانے-کا-الزام

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org