QR CodeQR Code

حیدرآباد میں تبلیغی جماعت کے 36 ارکان میں کورونا وائرس کی تصدیق

31 Mar 2020 22:44

وزیر صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف کے مطابق حیدرآباد میں اس وقت کووڈ-19 کے کیسز کی تعداد 43 ہوگئی ہے جن میں سے 36 کیسز تبلیغی جماعت کے ارکان سے متعلق ہیں، نئے کیسز نور مسجد سے رپورٹ ہوئے ہیں جہاں پہلے ہی تبلیغی جماعت کے 200 ارکان کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ حیدرآباد میں حکام نے تبلیغی جماعت کے 36 ارکان کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کردی۔ سندھ کی وزیر صحت و بہبود آبادی کی ترجمان میران یوسف کے مطابق حیدرآباد میں اس وقت کووڈ-19 (کورونا وائرس) کے کیسز کی تعداد 43 ہوگئی ہے جن میں سے 36 کیسز تبلیغی جماعت کے ارکان سے متعلق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے کیسز نور مسجد سے رپورٹ ہوئے ہیں جہاں پہلے ہی تبلیغی جماعت کے 200 ارکان کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ خیال رہے کہ حیدرآباد کی نور مسجد سندھ میں تبلیغی جماعت کا دوسرا بڑا مرکز ہے جس کو گزشتہ ہفتے 19 سالہ چینی نژاد تبلیغی رکن میں وائرس مثبت آنے کے بعد سیل کردیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق حیدرآباد میں اس وقت تبلیغی جماعت کے 830 اراکین موجود ہیں۔ ڈی آئی جی حیدرآباد رینج نسیم شیخ کا کہنا تھا کہ حیدرآباد کی نور مسجد میں 830 میں سے یہ 234 افراد ہیں۔ انتظامیہ نے نور مسجد میں موجود تبلیغی جماعت کے ارکان سے نمونے حاصل کرنے کے بعد 90 افراد کو سکھر میں لیبر کالونی فلیٹس میں منتقل کردیا تھا جس کو قرنطینہ مرکز بنایا گیا ہے جبکہ دیگر 70 متاثرہ افراد کو قرنطینہ کے لیے راجپوتانہ ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 853869

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/853869/حیدرآباد-میں-تبلیغی-جماعت-کے-36-ارکان-کورونا-وائرس-کی-تصدیق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org