QR CodeQR Code

حکومتی اعلان کردہ امداد کا کوئی نام و نشان نظر نہیں آرہا ہے، جماعت اسلامی

31 Mar 2020 23:42

راشن تقسیم کے دوران جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ لاک ڈاﺅن کی پابندی کی طرح حکومت ذخیرہ اندوز و منافع خوروں کے خلاف کارروائی اور مہنگائی پر کنٹرول کیلئے بھی سخت اقدامات کرے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے مطالبہ کیا ہے کہ لاک ڈاﺅن کی پابندی کی طرح سندھ حکومت ذخیرہ اندوز و منافع خوروں کے خلاف کارروائی اور مہنگائی پر کنٹرول کیلئے بھی سخت اقدامات کرے، اشیائے ضروریہ کی نہ صرف مصنوعی قلت بلکہ بلیک پر فروخت کرکے عوام کو دہرے عذاب میں مبتلا کیا جا رہا ہے، جو کہ قانون و انصاف کے حکمرانی کے دعویدار حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، ایک ہفتہ سے زائد عرصہ گذر جانے کے باوجود حکومتی اعلان کردہ امداد کا کوئی نام و نشان نظر نہیں آرہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسجد عبدالعزیز نیو کراچی میں الخدمت کے تحت مستحق افراد میں راشن تقسیم کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا اور ضلعی سیکریٹری اطلاعات نیک محمد بھی موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ بھٹکے ہوئے انسانوں کو اپنے طرف پلٹنے کیلئے زلزلے، سیلاب اور وائرس جیسی قدرتی آفات سے اللہ تعالیٰ آزماتا ہے، ان تمام مسائل کا حل توبہ و استغفار اور رجوع الی اللہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن وسنت کو چھوڑنے کی وجہ سے آج ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں۔


خبر کا کوڈ: 853882

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/853882/حکومتی-اعلان-کردہ-امداد-کا-کوئی-نام-نشان-نظر-نہیں-آرہا-ہے-جماعت-اسلامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org