QR CodeQR Code

قرنطینہ ملتان میں زائرین کو بارہ روز گزر گئے، پانچ دن مزید رکھے جانے کا امکان 

3 اپریل کو زائرین کے دوبارہ ٹیسٹ ہونگے، رزلٹ نیگیٹو آنیوالے زائرین کو گھر بھیج دیا جائیگا، شاہ محمود قریشی 

1 Apr 2020 01:05

ملتان میں قرنطینہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ قرنطینہ میں مقیم افراد انتہائی کٹھن وقت سے گزر رہے ہیں، میں آپکے صبر، حوصلے اور ہمت کی داد دیتا ہوں۔ 


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پوری دنیا کورونا وائرس کے مسئلہ سے دوچار ہے، دنیا کو ایک بہت بڑے امتحان کا سامنا ہے اور بے بس ہے، حکومت اپنے محدود وسائل کے باوجود وبا کے چیلنج کا مقابلہ بہتر انداز میں کر رہی ہے، عوام ساتھ دیں اور حکومتی ہدایات کے مطابق عمل پیرا ہوں، تب ہی ہم اس چیلنج سے بھرپور طریقے سے نمٹ سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ میں قائم قرنطینہ سینٹر کے دورہ کے دوران زائرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی، چیف وہپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر، صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک اور ڈپٹی کمشنر عامر خٹک بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر خارجہ نے ساونڈ سسٹم کے ذریعے زائرین سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا قرنطینہ میں مقیم افراد انتہائی کٹھن وقت سے گزر رہے ہیں، میں آپ کے صبر، حوصلے اور ہمت کی داد دیتا ہوں۔ 3 اپریل کو زائرین کے دوبارہ ٹیسٹ ہونگے، کورونا ٹیسٹ کا رزلٹ نیگیٹو آنے والے زائرین کو گھر بھیج دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اہلیان ملتان نے زائرین کو دل کھول کر خوش آمدید کہا ہے اور ملتان انتظامیہ آپ کی بھرپور میزبانی کر رہی ہے، میں انتظامیہ کے اس جذبے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ملتان سمیت ملک بھر میں قائم قرنطینہ سینٹر میں خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹرز، نرسز، ہیلتھ ورکرز کو سلام پیش کرتا ہوں، میں قرنطینہ میں کام کرنیوالے رضا کار، سینٹری ورکرز، پولیس، ریسکیو اور فوج کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، یہ لوگ ہمارے ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا قرنطینہ سینٹرز میں خدمات سرانجام دینے والے ملازمین کی صحت و سلامتی ہماری ذمہ داری ہے۔ وزیر خارجہ نے قرنطینہ سینٹر کا دورہ کیا اور زائرین کو دی جانے والی سہولیات اور خوراک بارے بھی دریافت کیا۔ وزیر خارجہ نے قرنطینہ میں قائم ہسپتال کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے قرنطینہ سینٹر میں مقیم افراد کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔


خبر کا کوڈ: 853911

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/853911/3-اپریل-کو-زائرین-کے-دوبارہ-ٹیسٹ-ہونگے-رزلٹ-نیگیٹو-آنیوالے-گھر-بھیج-دیا-جائیگا-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org