QR CodeQR Code

ملتان، ایم ڈبلیو ایم کے وفد کا قرنطینہ سنٹر کا دورہ، ڈپٹی کمشنر سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقات، زائرین کے معاملے پر تبادلہ خیال

1 Apr 2020 02:30

علامہ اقتدار نقوی نے ملاقات میں کہا کہ زائرین کی خوراک کے حوالے سے کافی شکایات ہیں، ضلعی انتظامیہ اس حوالے سے فوری اقدامات کرے، دیگر قرنطینہ سنٹرز کی طرح ملتان کے زائرین کو ٹیسٹ رپورٹ نیگٹیو آنے پر جلد اپنے علاقوں کیلئے روانہ کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے وفد نے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی کی قیادت میں قرنطینہ سنٹر ملتان میں ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک سمیت چیف وہپ قومی اسمبلی ایم این اے ملک عامر ڈوگر، صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طیب خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، صوبائی رہنما مہر سخاوت علی سیال اور ثقلین نقوی موجود تھے۔ علامہ اقتدار نقوی نے اعلیٰ حکام سے ملاقات کے دوران زائرین کو درپیش مشکلات کو حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ زائرین کی خوراک کے حوالے سے کافی شکایات ہیں، ضلعی انتظامیہ اس حوالے سے فوری اقدامات کرے۔

علامہ اقتدار نقوی کا کہنا تھا کہ دیگر قرنطینہ سنٹرز کی طرح ملتان کے زائرین کو ٹیسٹ رپورٹ نیگٹیو آنے پر جلد اپنے علاقوں کے لیے روانہ کیا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ ملتان میں زائرین نے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے، اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ انہیں فی الفور اپنے گھروں کو روانہ کیا جائے، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ جن مسائل کی نشاندہی کی گئی ان کو فی الفور حل کیا جائے گا۔ الحمداللہ ملتان کے زائرین میں بہت کم افراد کے رزلٹ پازیٹو آئے ہیں اور جن کے رزلٹ پازیٹو آئے، وہ بھی جلد روبصحت ہو جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 853921

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/853921/ملتان-ایم-ڈبلیو-کے-وفد-کا-قرنطینہ-سنٹر-دورہ-ڈپٹی-کمشنر-سمیت-اعلی-حکام-سے-ملاقات-زائرین-معاملے-پر-تبادلہ-خیال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org