0
Wednesday 1 Apr 2020 10:42

حکومت کا باقاعدہ پروازیں بحال کرنے پر غور

حکومت کا باقاعدہ پروازیں بحال کرنے پر غور
اسلام ٹائمز۔ حکومت 4 اپریل کے بعد سے پروازوں کا سلسلہ بحال کرنے پر غور کر رہی ہے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے 4 سے 11 اپریل کے لیے ایئرلائن آپریشنل اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پی) بھی جاری کر دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق محکمہ ہوا بازی کے ترجمان عبدالستار کھوکھر کا کہنا تھا کہ پروازوں کی بحالی کا معاملہ زیر غور تھا لیکن اب تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ سی اے اے نے مسافروں اور عملے کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ کووڈ_ 19 سے منسلک خطرہ کم کیا جا سکے اور باقاعدہ پروازیں بحال کرنے کے فیصلے کی صورت میں کچھ احتیاط اقدامات تجویز کیے ہیں۔ یاد رہے کہ حکومت نے 21 مارچ تک کے لیے تمام بین الاقوامی مسافر پروازوں کے ساتھ ساتھ چارٹرڈ اور نجی پروازیں معطل کر دی تھیں۔

ایس او پی کے تحت جہاز کو مسافروں کی بورڈنگ سے قبل ہر اسٹیشن پر سی اے اے کے وضع کردہ قواعد کے تحت جراثیم سے پاک کیا جائے گا۔ اس ضمن میں مسافروں کی صحت کے حوالے ڈیکلیئریشن فارم سی اے اے کی ویب سائٹ، سوشل میڈیا اور ایئر لائن کی ویب سائٹ کے ذریعے پاکستان آنے والے تمام مسافروں کو دیا جائے گا۔ مسافروں کی صحت کے ڈکلیئریشن فارمز کو مکمل کرنا آپریٹرز کی ذمہ داری ہوگی جس کے لیے فارمز تقسیم کرنا اور بار بار ہدایات کو دہرایا جائے گا۔ یہ فارم جہاز میں بیٹھنے سے قبل تمام مسافروں کے لیے بھرنا اور اس پر دستخط کرنا ضروری ہو گا اور بچوں یا معذور افراد کی صورت میں ان کے سرپرست بھریں گے اور سب سے ضروری مسافروں کو بورڈنگ سے قبل کووڈ19 کے لیے جسم کے درجہ حرارت کی پیمائش کرنے والے آلات سے اسکین کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں ایک سیٹ کے فاصلے سے بورڈنگ پاس جاری کیے جائیں گے تاہم جب اس طریقے سے نشتیں پر ہو جائیں تو ساتھ ساتھ نشستوں کو بھی معمول کے طریقہ کار کے تحت پر کیا جائے گا۔ مسافروں کی بورڈنگ قطاروں یا زون کے حساب ہوگی تا کہ تجویز کردہ فاصلہ برقرار رہے، پاکستان کا سفر کرنے والے مسافروں کو ان ہدایات پر عمل کرنا پڑے گا۔ اس کے ساتھ تمام مسافر پروازوں کے دوران سرجیکل ماسک پہنے ہوئے ہوں گے اور جس مسافر کو جو نشست دی جائے وہ اسی پر بیٹھے گا کسی بھی صورت نشست تبدیل نہیں کی جا سکتی۔ مزید یہ کہ تمام مسافر اپنی نشستوں پر بیٹھے رہنے کے پابند ہوں گے اور انہیں سفر کے دوران جہاز میں نقل و حرکت یا اکٹھا ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 853964
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش