0
Thursday 2 Apr 2020 14:40

جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے ضلعی امراء کا ویڈیو لنک اجلاس

جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے ضلعی امراء کا ویڈیو لنک اجلاس
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ کرونا کی عالمی وبائی صورتحال میں جماعت اسلامی ملک و قوم اور عوام کی خدمت کے لئے مکمل طور میدان عمل میں موجود ہے اور ان شاء اللہ صورتحال پر مکمل کنٹرول تک کارکنان جماعت خدمت کے اس محاذ پر مکمل یکسوئی اور عزم کیساتھ موجود رہیں گے۔ جماعت اسلامی کا نصب العین پوری انسانی زندگی پر محیط ہے، اسی لئے جماعت اسلامی دعوت، تربیت، انفاق فی سبیل اللہ، سیاست اور خدمت کے متفرق شعبوں میں ہمہ گیر طور پرکام کر رہی ہے۔ مشکل اور آزمائش کے اس موقع پر جماعت نے اپنی دیگر تمام سرگرمیوں کو معطل کرکے اپنی بھرپور توجہ اور صلاحیتیں عوام کی خدمت کے لیے وقف کر دی ہیں۔ تاحال الخدمت فاؤنڈیشن پورے ملک میں تقریباً 50 کروڑ مالیت کا ریلیف عوام تک پہنچا چکی ہے، جن میں ماسکس،  sanitisers equipments اور ضرورتمندوں کے لیے راشن و خوارک کی تقسیم، قرنطینہ مراکز میں موجود افراد کے لیے کھانا فراہم کرنا شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اپنے تمام ہسپتال اور ادارے جن میں ہزاروں بستروں کی گنجائش ہے، سینکڑوں ایمبولینسز حکومت کو پیش کر دیئے ہیں اور اس تمام عمل کو امانت و دیانت کے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے شفافیت کے ساتھ جاری رکھا ہوا ہے۔ ان خیالات کا  اظہار انہوں نے امراء اضلاع اور صوبائی ذمہ داران کے ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں تمام صوبائی ذمہ داران اور امراء اضلاع ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شریک ہوئے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمد خان نے امراء اضلاع کو تاکید کی کہ زیادہ سے زیادہ de_centralise طریقہ کار کو اپناتے ہوئے محلہ کی سطح پر کمیٹیاں قائم کرکے فعال بنائیں، تاکہ ضرورت مند افراد کی فہرستیں مرتب ہوسکیں اور ان کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔ اس کے ساتھ ساتھ عالمی ادارہ صحت کی جاری کردہ SOPs کو مدّنظر رکھتے ہوئے ریلیف اور خدمت کا کام جاری رکھیں، اپنے کارکنان کے تحفظ اور حفاظت کو مدّنظر اور ترجیح میں رکھیں۔ انہوں نے تمام اضلاع میں جماعت سے وابستہ ڈاکٹرز کو آن لائن کلینک شروع کرنے کا حکم دیا کہ لوگوں کو درپیش روز مرّہ اور چھوٹی، چھوٹی بیماریوں میں رہنمائی فراہم کی جاسکے۔ انہوں کارکنان کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت social distancing پر عمل کرتے ہوئے غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور گھر میں زیادہ سے زیادہ قرآن و سیرۃ النبیﷺ کے مطالعہ، ذکر و اذکار اور استغفار کے انعقاد کو یقینی بنائیں اور ساتھ ساتھ اہل خانہ کو بھی اس میں شریک رکھیں۔
خبر کا کوڈ : 854011
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش