0
Wednesday 1 Apr 2020 15:53

کورونا کا رائیونڈ تبلیغی مرکز میں قیام، 37 اہلکاروں میں وائرس کی تصدیق

کورونا کا رائیونڈ تبلیغی مرکز میں قیام، 37 اہلکاروں میں وائرس کی تصدیق
اسلام ٹائمز۔ رائیونڈ میں کرونا کی وبا بے لگام ہو گئی، 37 مریضوں کی تصدیق کے بعد رائیونڈ کو گزشتہ روز سے مکمل لاک ڈائون کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران، رینجرز، پولیس افسران کے شٹل دورے، شہریوں میں راشن تقسیم، جگہ جگہ کلورین سپرے، داخلے اور اخراج پر مکمل پابندی عائد کی گئجی ہے۔ تفصیلات کے مطابق رائیونڈ کے علاقے میں کرونا کے بے قابو ہوتے ہی ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں نے کمر کس لی ہے۔ تبلیغی اجتماع گاہ میں 37 کرونا مریضوں کی تصدیق ہونے پر رائیونڈ کو مکمل طور پر لاک ڈائون کر دیا گیا ہے، ہر قسم کی نقل و حرکت روک دی گئی ہے، جگہ جگہ پولیس اور فوج کے ناکے لگا دیئے گئے ہیں جبکہ شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایات کی جا رہی ہیں۔
 
سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید، ڈی آئی جی رائے بابر، کمشنر سیف انجم، ڈپٹی کمشنر دانش افضال اور رینجرز نے رائیونڈ کے شٹل دورے کیے، اجتماع گاہ کے علماء کرام سے ملاقاتیں کیں اور صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈی سی لاہور دانش افضال کا کہنا ہے کہ رائیونڈ لاک ڈائون کے دوران خوراک اور ادویات کی کوئی قلت نہیں ہو گی، ایک ہزار خاندانوں میں دس روز کے راشن کی تقسیم جبکہ 600 مستحق افراد میں پکا ہوا کھانا تقسیم کیا گیا ہے، اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ اجتماع گاہ کے اطراف اور مختلف علاقوں میں کلورین سپرے کو یقینی بنایا جا رہا ہے، 12 سو کے قریب افراد کو قرینطینہ میں بھجوا دیا گیا ہے۔ ادھر ڈی آئی جی رائے بابر کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ کی آبادی کو لاک ڈائون کیا گیا ہے جن کی نقل و حرکت کو روکنے کیلئے 500 پولیس اہکاروں کے ہمراہ رینجرز اور پاک فوج کے جوان ڈیوٹی پر مامور ہیں اور علاقے کو کارڈن آف کر دیا گیا ہے۔
 
تبلیغی مرکز کی شوری کے رکن ڈاکٹر ندیم اشرف کا کہنا ہے کہ حکومت کیساتھ مکمل تعاون کیا جا رہا ہے اور مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور تبلیغی مرکز میں موثر رابطے کیلئے فوکل پرسن بھی مقرر کر دیا گیا ہے۔ رائیونڈ لاک ڈاؤن کے دوران تمام فارمیسی، گراسری سٹورز سمیت ہر قسم کی دکانیں اور مارکیٹیں بند کروا دی گئی ہیں، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کرونا کے بڑھتے خدشات کے دوران اپنی فیملیز کے ہمراہ گھروں میں موجود رہ کر اس مہلک وبا سے لڑنے میں حکومت اور انتظامیہ کا ساتھ دیں۔
خبر کا کوڈ : 854018
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش