QR CodeQR Code

حکومت و میڈیا کورونا وائرس کو خوف و افراتفری کا سبب نہ بنائے، اسداللہ بھٹو

1 Apr 2020 21:17

راشن و دیگر سامان کے معائنہ کے دوران جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر نے کہا کہ لاک ڈاﺅن میں قوم کو بھکاری بننے پر مجبور کرنے کی بجائے حکومت پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی، بجلی و گیس کے بل معاف اور روزمرہ کے استعمال کی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر کنٹرول کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو نے زور دیا ہے کہ لاک ڈاﺅن میں قوم کو بھکاری بننے پر مجبور کرنے کی بجائے حکومت پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی، بجلی و گیس کے بل معاف اور روزمرہ کے استعمال کی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر کنٹرول کیا جائے، کورونا وائرس پوری انسانیت کیلئے وارننگ اور قوم کیلئے آزمائش ضرور ہے، مگر حکومت و میڈیا اس کو خوف و افراتفری کا سبب نہ بنائے، حکومتی اعلانیہ اسکیموں کے شفاف ہونے کی ضرورت ہے، کیونکہ امدادی کاموں میں کرپشن کی تاریخ موجود ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی امیر محمد حسین محنتی کے ہمراہ جماعت اسلامی کے ضلعی قائدین کے تحت لاک ڈاﺅن کے دوران مستحقین کیلئے جمع ہونے والے راشن و دیگر سامان کے معائنہ کے دوران کیا۔

اسداللہ بھٹو نے الخدمت رضاکاروں کے خدمت خلق والے جذبے کی تحسین کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ اور لاک ڈاﺅن کے نتیجے میں لوگ فاقہ کشی اور گداگری کرنے پر مجبور ہیں، خاص طور پر سفید پوش طبقہ سخت آزمائش سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت نازک صورتحال سے دوچار ہے، جس کی وجہ سے حکمرانوں کا فرض ہے کہ وہ ملک میں قومی یکجہتی کی فضا کو برقرار، امدادی اسکیموں کو شفاف و غیر سیاسی بنانے کیلئے واضح اقدامات کریں، ملک کی تمام دینی و سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے، پارٹی نوازی کی بجائے پاکستان نوازی کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت و میڈیا صرف خوف پھیلانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، جبکہ رجوع الی اللہ اور احتیاطی تدابیر سے خیر و امید کے پہلو کو بھی اجاگر کیا جائے، تاکہ لوگوں کے اندر اس مہلک وبا کے معاملے میں حوصلہ کے ساتھ اللہ پر توکل اور امید پر زندگی گذار سکیں۔


خبر کا کوڈ: 854086

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/854086/حکومت-میڈیا-کورونا-وائرس-کو-خوف-افراتفری-کا-سبب-نہ-بنائے-اسداللہ-بھٹو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org