0
Wednesday 1 Apr 2020 21:33

عوام کی راحت رسانی کیلئے ٹھوس اور کارگر اقدامات کی ضرورت ہے، عمران نبی ڈار

عوام کی راحت رسانی کیلئے ٹھوس اور کارگر اقدامات کی ضرورت ہے، عمران نبی ڈار
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ عالمگیر وباء کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال کا عام لوگوں پر براہ راست اثر روکنے کیلئے انتظامیہ پر فرض بنتا ہے کہ وہ عوام کی راحت رسانی میں مزید سرعت لائے اور زمینی سطح پر لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے کارگر اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔ این سی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے کہا کہ لاک ڈاﺅن کے دوران اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ لوگوں کو ضروریاتِ زندگی پنی دہلیز پر دستیاب اور تمام سہولیات بآسانی میسر ہوں۔ غذائی اجناس کی فراہمی کے علاوہ اس بات کو بھی یقینی بنانا ضروری ہے کہ بیماروں کو علاج و معالجہ کی سہولیات میسر ہوں اور ادویات کی سپلائی ہر حال میں جاری رہنی چاہیئے۔ اس کے علاوہ ہر ایک جگہ پر ایمرجنسی کی صورت میں ایمبولنسوں کی دستیابی بھی ہونی چاہیئے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ غریبی کی سطح سے نیچے زندگی بسر کرنے والے کنبوں کو مفت راشن اور مالی امداد پہنچانے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔
 
عمران نبی ڈار نے کہا کہ 8 ماہ سے جاری بے چینی اور غیر یقینیت کے دوران پہلے ہی یہاں اقتصادی اور معیشی بدحالی کا عالم تھا اور اس دوران مزدور، کاریگر، دکاندار حضرت اور پراویٹ سیکٹر میں کام کرنے والے نان شبینہ کے محتاج بن گئے تھے۔ انتظامیہ کو چاہیئے کہ ایسے کنبوں کی بھرپور مالی امداد کی جائے جن کا روزگار لاک ڈاﺅن سے متاثر ہوا ہے۔ این سی کے ترجمان نے انتظامیہ پر زور دیا کہ چھوٹے ہسپتالوں، ہیلتھ سینٹروں، سب ہیلتھ سینٹروں اور ڈسپنسریوں پر طبی و نیم طبی عملے کی حاضری کو یقینی بنانے کے علاوہ ضروری ساز و سامان اور ادویات بھی میسر رکھی جائیں تاکہ لوگوں کو اپنے اپنے علاقوں میں ہی علاج و معالجہ کی سہولیات میسر ہوں۔ پارٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومتی احکامات پر عمل پیرا ہوکر اس مہلک اور وبائی بیماری کے خلاف جنگ میں اپنا اپنا رول نبھائی اور کسی بھی صورت میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کا ذریعہ نہ بنیں۔
خبر کا کوڈ : 854088
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش