QR CodeQR Code

پاکستان کے 300 سے زائد عمرہ زائرین سعودی عرب میں پھنس گئے

2 Apr 2020 01:26

گروپ لیڈر مفتی محمد اسامہ کے مطابق 14 مارچ کی پرواز میں 50 عمرہ زائرین کو جگہ ملی اور 25 باقی رہ گئے ان کو 16 مارچ کا ٹائم دیا گیا اور کہا گیا کہ آپ لوگوں کو براستہ دبئی بھیج دیا جائے گا مگر ہم ائیرپورٹ پہنچے تو یہ پرواز بھی منسوخ ہوگئی تھی۔


اسلام ٹائمز ۔ پاکستان کے 300 سے زائد عمرہ زائرین کو حکومت اور متعلقہ کمپنیوں نے بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے، یہ متاثرین اچانک پروازوں کی بندش کی وجہ سے رہ گئے ہیں اور انہوں نے وزیراعظم عمران خان پاکستان سے اپیل کی ہے کہ ان کے وطن واپسی کے لئے فوری انتظام کریں کیونکہ ان کے پاس رقم اور مریضوں کے پاس ادویات بھی ختم ہوئی ہیں جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اب ان عمرہ زائرین کی ویزہ مدت ختم ہونے کے باعث جرمانے کا بھی خدشہ ہے۔ مفتی محمد اسامہ عمرہ زائرین کے گروپ لیڈر ہیں۔ انہوں نے ویڈیو میں کہا ہے کہ ان کے گروپ میں 75 عمرہ زائرین تھے، جن کی واپسی 9 مارچ کو تھی مگر سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان پروازوں کی منسوخی کے بعد ان کی متعلقہ پرواز منسوخ ہوگئی اور 14 مارچ کو بلایا گیا۔

مفتی محمد اسامہ کے مطابق 14 مارچ کی پرواز میں 50 عمرہ زائرین کو جگہ ملی اور 25 باقی رہ گئے ان کو 16 مارچ کا ٹائم دیا گیا اور کہا گیا کہ آپ لوگوں کو براستہ دبئی بھیج دیا جائے گا مگر ہم ائیرپورٹ پہنچے تو یہ پرواز بھی منسوخ ہوگئی تھی۔ مفتی محمد اسامہ کے مطابق انہوں نے پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ کیا اور وہ فہرست لے کر گئے ہیں، اب تک خاموش ہیں، ہم پہلے مکہ شریف میں تھے اور اب جدہ میں ہیں، اس وقت پاکستانی وفاقی وزارت خارجہ اور وفاقی وزارت مذہبی امور پاکستانی کمپنی اور سعودی عرب کی کمپنی کے کھاتے میں ڈال رہے ہیں۔ مفتی محمد اسامہ کے مطابق مقامی شرکہ انشورنس کمپنی نے بھی اب جواب دے دیا ہے کہ اب ان کی ذمہ داری نہیں ہے اور اپنا انتظام خود کریں جبکہ پاکستانی حکومت مکمل خاموش ہے۔

مفتی محمد اسامہ کے مطابق ملنے والی معلومات کے مطابق مکہ مکرمہ، جدہ اور مدینہ منورہ میں 300 کے قریب عمرہ زائرین ہیں، جن کے پاس خرچہ ختم ہے اور کورونا وباء کی وجہ سے کہیں منتقل ہونا بھی ان کے لئے انتہائی مشکل ہے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان اپیل کی ہے کہ وہ ان پاکستانیوں کے وطن واپسی کے لئے انتظام کریں، ان افراد میں بعض خواتین اور مریض بھی ہیں۔ ایک نجی حج گروپ آرگنائر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ 300 کے قریب عمرہ زائرین پھنس گئے ہیں۔ انہوں نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا ہے کہ اگر عمراہ زائرین نے اپنے ویزے کی مدت میں اضافہ نہیں کروایا ہے تو ان پر جرمانہ ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 854123

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/854123/پاکستان-کے-300-سے-زائد-عمرہ-زائرین-سعودی-عرب-میں-پھنس-گئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org