QR CodeQR Code

کورونا وائرس تبلیغی جماعت کی وجہ سے نہیں حکمرانوں کی نااہلی سے پھیل رہا ہے، مفتی محمد نعیم

2 Apr 2020 02:14

ایک بیان میں مہتمم جامعہ بنوریہ عالمیہ نے کہا کہ بڑی بڑی سپر طاقتیں اور ٹیکنالوجی رکھنے والے ممالک بھی عاجز آچکے ہیں، ایسے میں وطن عزیز کے نوجوانوں میں مسلکی تعصب بھرنے اور فرقہ واریت کو ہوا دینے کے لئے استعمال کیا جارہا ہے جو قابل تشویش اور افسوسناک ہیں۔


اسلام ٹائمز ۔ جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس و مہتمم مفتی محمد نعیم نے کہا کہ تبلیغی جماعت کیخلاف پروپیگنڈے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، کورونا تبلیغی جماعت کی وجہ سے نہیں حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے پھیل رہا ہے، ملک دشمن عناصر وباء کو فرقہ واریت پھیلانے کے مذموم مقاصد کے لئے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے کہا کہ تبلیغی جماعت پوری دنیا میں صبر و برداشت کے ساتھ اسلام کی دعوت تبلیغ کا منظم نیٹ ورک ہے، جو دنیا کے طول و عرض میں پھیل چکا ہے، اس جماعت کی محنت سے کئی بڑی بڑی شخصیات اسلام کی طرف راغب ہوئی ہیں، پوری دنیا سر جوڑ کر کورونا وباء کی روک تھام کے لئے کوشاں نظر آرہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑی بڑی سپر طاقتیں اور ٹیکنالوجی رکھنے والے ممالک بھی عاجز آچکے ہیں، ایسے میں وطن عزیز کے نوجوانوں میں مسلکی تعصب بھرنے اور فرقہ واریت کو ہوا دینے کے لئے استعمال کیا جارہا ہے جو قابل تشویش اور افسوسناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی کوتائیوں کو چھپانے کے لئے تبلیغی جماعت کو مورد الزام نہ ٹھہرائیں اور تبلیغی جماعت کے ارکان کیخلاف جو ناروا سلوک کیا جارہا ہے اسے ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا تبلیغی جماعت کی قانون پر پابندی اور ریاست کی پاسداری کی مثالیں دیتی ہیں، یہاں کہا جارہا ہے کہ تبلیغی جماعت کی وجہ سے کورونا کی وباء پھیلی ہے، کورونا کی وباء تبلیغی جماعت کی وجہ سے نہیں بلکہ حکمرانوں کی نا اہلی سے پھیلی ہے۔


خبر کا کوڈ: 854129

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/854129/کورونا-وائرس-تبلیغی-جماعت-کی-وجہ-سے-نہیں-حکمرانوں-نااہلی-پھیل-رہا-ہے-مفتی-محمد-نعیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org