QR CodeQR Code

تبلیغی جماعت کو وبائی مرض کے پھیلاؤ کا ذمہ دار ٹھہرانا افسوسناک اور نفرتوں کا فروغ ہے، راشد محمود سومرو

2 Apr 2020 02:27

تنظیمی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری جے یو آئی سندھ نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو رات کی تاریکی میں مختلف تبلیغی مراکز کی جانب منتقل کرتے دیکھا گیا ہے، اگر یہ سچ ہے تو حکومت واضح کرے کہ یہ بھونڈی حرکت کس کے ایماء پر کی جارہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے ملک بھر میں تبلیغی مراکز کے خلاف مذموم پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تبلیغی جماعت کے ارکان امن و آشتی کے سفیر ہیں، ان کیخلاف سازشیں کامیاب ہونے نہیں دیں گے، تبلیغی جماعت کے مراکز اور اراکین کو وبائی مرض کے پھیلاؤ کا ذمہ دار ٹھہرانا افسوسناک اور نفرتوں کو فروغ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد سمیع الحق سواتی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو رات کی تاریکی میں مختلف تبلیغی مراکز کی جانب منتقل کرتے دیکھا گیا ہے، اگر یہ سچ ہے تو حکومت واضح کرے کہ یہ بھونڈی حرکت کس کے ایماء پر کی جارہی ہے۔ مولانا راشد سومرو نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام صوبہ بھر میں حکومت کیساتھ مکمل تعاون کررہی ہے، حیدرآباد تبلیغی مرکز میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات مولانا تاج محمد ناہیوں اور لاڑکانہ مرکز میں ضلعی امیر مولانا ناصر محمود سومرو نے جمعیت علماء اسلام کی جانب سے انتظامیہ اور تبلیغی مراکز کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہوئے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام گھروں تک محدود رہیں، باجماعت نمازیں مختصر کریں، عوام الناس علماء کرام کیساتھ تعاون کریں، وفاق و صوبائی حکومت کو مسائل کے روک تھام کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھانے ہوں گے، عوام گھروں میں قید ہوکر فاقوں کی زندگی بسر کررہی ہے۔ مولانا راشد محمود سومرو نے جے یو آئی، جے ٹی آئی اور انصار الاسلام کی ذیلی تنظیموں کی جانب سے سندھ بھر میں لاک ڈاؤن سے متاثرہ مستحقین میں امدادی سرگرمیوں کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے ذمہ داران و کارکنان بے سروسامانی کے عالم میں دکھی انسانیت کی خدمت کرکے انسان دوستی کی اعلی مثال قائم کی ہے۔


خبر کا کوڈ: 854130

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/854130/تبلیغی-جماعت-کو-وبائی-مرض-کے-پھیلاؤ-کا-ذمہ-دار-ٹھہرانا-افسوسناک-اور-نفرتوں-فروغ-ہے-راشد-محمود-سومرو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org