QR CodeQR Code

ایران سمیت تمام ممالک پر عائد پابندیوں کو اٹھا لیا جائے، اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر

2 Apr 2020 08:27

عالمی میڈیا کے مطابق غذائی حق کے حوالے سے اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر نے گزشتہ شب اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران، شام، ونزوئلا، کیوبا اور کسی حد تک زمبابوے پر عائد سنگین اقتصادی پابندیاں عام شہریوں کے بطور کافی اور مناسب غذا تک دسترسی کے حق کو بری طرح متاثر کر رہی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لینے والے جدید کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے مقابلے میں پیش آنے والی رکاوٹوں کے باعث ایران پر عائد یکطرفہ امریکی پابندیوں کے اٹھا لئے جانے پر مبنی عالمی سطح کے متعدد مطالبوں کے بعد اب اقوام متحدہ کی ایک سینیئر رپورٹر نے بھی ایران سمیت تمام ممالک پر عائد امریکی پابندیوں کے اٹھا لئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق غذائی حقوق کے حوالے سے اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر "ہلال ایلور" نے پھیلتے کرونا وائرس سے مقابلے کی خاطر ایران، شام، ونزوئلا اور شمالی کوریا سمیت تمام ممالک پر عائد امریکی پابندیوں کے اٹھا لئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق غذائی حق کے حوالے سے اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر ہلال ایلور نے گزشتہ شب اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران، شام، ونزوئلا، کیوبا اور کسی حد تک زمبابوے پر عائد سنگین اقتصادی پابندیاں عام شہریوں کے بطور کافی اور مناسب غذا تک دسترسی کے حق کو بری طرح متاثر کر رہی ہیں۔ ہلال ایلور نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ممالک پر سے اقتصادی پابندیوں کا اٹھا لیا جانا ایک فوری انسانی اور عملی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ قبل ازیں متعدد عالمی رہنماؤں سمیت امریکی پارلیمنٹ کے 32 اراکین نے بھی امریکی وزارت خزانہ کو لکھے گئے اپنے خط میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث ایران پر عائد امریکی پابندیوں کے اٹھا لئے جانے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ امریکی حکام مکمل ڈھٹائی کے ساتھ ایران کے اندر کرونا وائرس کے وسیع پھیلاؤ کے باوجود امریکی پابندیوں کے برقرار رکھے جانے کا مسلسل اعلان کرتے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکہ ایک ایسے وقت میں عالمی سطح پر انسانی حقوق کا داعی ہے جب اس کی طرف سے ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں نہ صرف ایران کے اندر غذائی سامان بلکہ پیچیدہ بیماریوں کی ادویات اور خصوصا کرونا وائرس سے مقابلے کی ضروری ادویات و طبی سامان کی درآمد میں بھی شدید رکاوٹ کا باعث ہیں۔ اس حوالے سے امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کا لکھنا ہے کہ ٹرمپ حکومت کا موقف ہے کہ وہ ایرانی عوام کو مدد کی مسلسل پیشکش کر رہی ہے اور چاہتی ہے کہ ایران میں ادویات کی ترسیل کو آسان بنایا جائے لیکن امریکہ کی طرف سے عائد کی گئی شرائط اس قدر زیادہ اور پیچیدہ ہیں کہ ادویات اور دوسرے طبی سامان کو ایران تک پہنچانے والی کمپنیاں کہتی ہیں کہ کسی ایسے بینک کو تلاش کرنا جو ایران کے حوالے سے بنائے گئے انتہائی پیچیدہ امریکی مالیاتی نظام میں کام کرنے کو تیار ہو، عملی طور پر ناممکن ہے۔


خبر کا کوڈ: 854137

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/854137/ایران-سمیت-تمام-ممالک-پر-عائد-پابندیوں-کو-اٹھا-لیا-جائے-اقوام-متحدہ-کی-خصوصی-رپورٹر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org