QR CodeQR Code

بغیر امتحانات بچوں کو پاس کرنے کی پالیسی جاری

کورونا اپڈیٹس، متاثرین کی تعداد 2291، 31 جاں بحق، 107 صحتیاب

کورونا پہ قابو پا لیں گے، وزیراعظم، وائرس کا بار بار شکل بندلنا تشویشناک ہے، نون لیگ

2 Apr 2020 13:44

وزارت صحت کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید  76 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد اس وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2291 ہو گئی ہے۔ اس وائرس سے زندگی کی بازی ہارنے والے افراد کی تعداد 31 ہو گئی ہے جب کہ 9 کی حالت تشویشناک ہے اور 107 نے اس کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں مزید  76 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد اس وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2291 ہو گئی ہے۔ وفاقی وزارت صحت کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید  76 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد اس وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2291 ہو گئی ہے۔ اس وائرس سے زندگی کی بازی ہارنے والے افراد کی تعداد 31 ہو گئی ہے جب کہ 9 کی حالت تشویشناک ہے اور 107 نے اس کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 845 ہو گئی ہے، سندھ میں 743 ، خیبر پختونخوا میں 276، بلوچستان میں 169، اسلام آباد میں 69، گلگت بلتستان میں 187  جب کہ آزاد کشمیر میں 9 افراد کورونا کا شکار ہیں۔

 وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا مشکل میں ہے، پاکستان میں وبا کا پھیلاو دوسرے ممالک کی نسبت کم ہے اور ہم کورونا وائرس کے حوالے سے ہر روز میٹنگ کرتے ہیں، ہمارے ایک طرف کورونا دوسری طرف بھوک ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ کا خاص کرم ہے جیسی صورتحال دوسرے ممالک میں ہے ہمارے ہاں نہیں، شادی ہال،اسکول دوسرے عوامی مقامات مزید دو ہفتے کیلئے بند کر دیے ہیں، لوگوں کے اجتماع سے وائرس پھیلنے کا خدشہ زیادہ ہے تاہم ہم موجودہ وسائل سے کورونا پر قابو پالیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ  کورونا کے اثرات سے کمزور طبقے کو سب سے زیادہ خطرہ ہے، مزدوروں کو بیروزگاری سے بچانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں، مزدور طبقے کی امداد کیلئے پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے، ایک کروڑ 20 لاکھ افراد کو احساس پروگرام سے پیسے دیں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کنسٹرکشن انڈسٹری کو کھولنا ہے، کنسٹرکشن انڈسٹری کیلئے کل ایک بڑے پیکیج کا اعلان کروں گا، ملک میں صنعت کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے، بزنس کمیونٹی کے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔

 مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نےکہا ہے کہ کورونا وائرس کی مقامی آبادی میں منتقلی اور مقامی حالات کے مطابق ان کی شکلیں تبدیل کرنے کا پہلو تشویشناک ہے۔ اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی مقامی آبادی میں منتقلی اور مقامی حالات کے مطابق ان کی شکلیں تبدیل کرنے کا پہلو تشویشناک ہے، ملک میں کورونا وائرس پھیل رہا ہے، ایسے میں کسی واضح پالیسی کا نہ ہونا خطرناک ہے، کورونا متاثرین کی بڑھتی تعداد کے باوجود اب تک ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کو حفاظتی لباس نہیں پہنچایا گیا جس پر شدید تشویش ہے۔ ترجمان (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ اجتماعی کاوشوں کے لئے سب کی تجاویز سے ملک اور قوم کو خطرات سے بچانے میں مدد مل سکتی ہے، وائرس کے طبی پہلوؤں کے حوالے سے قومی سطح پر کوئی نظام وضع کرنا اشد ضروری ہے، ٹیسٹنگ اور اسکریننگ کے لئے فوری طور پر واضح طریقہ کار اور معیارات اپنائے جائیں، ڈیزیز سرویلنس کا نظام جلد از جلد قائم کیا جائے بصورت دیگر خدانخواستہ صورتحال ہاتھ سے نکل جائے گی۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جیلوں میں کورونا سے بچاؤ کے فوری اور موثر انتظامات کئے جائیں، انتظامی اقدامات کے ساتھ ساتھ مستقبل کی حکمت عملی کے لئے بڑے خاکے کو بھی ذہن میں رکھنا ہوگا، پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی کے فورم پر سیاسی جماعتوں کے قائدین کو بھی بریفنگ دی جانی چاہیے۔

کورونا کی وجہ سے کیمبرج اسکول سسٹم نے پرائیویٹ امیدواروں سمیت بچوں کو بغیر امتحان کے پاس کرنے کی پالیسی جاری کر دی ہے۔ بچوں کو کلاس ورک، اسائنمنٹس اور اداروں کے امتحانات کو مدنظر رکھ کر گریڈنگ کی ‏جائے گی، جس کے لیے کیمبرج انتظامیہ نے اسکولز سے بچوں کا متعلقہ ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔ دوسری جانب پی آئی اے کا خصوصی طیارہ چین سے مزید امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچ گیا ہے۔ طیارہ 52 ٹن امدادی سامان لے کر بیجنگ سے اسلام آباد پہنچا۔ دنیا بھر کی تمام تر سائنسی ارتقائی منازل کے حصول کے باوجود ’’کورونا وائرس‘‘ کے آگے جدید میڈیکل سائنس کی بے بسی اور لاچاری کے گھٹا ٹوپ اندھیرے میں نیچرو پیتھی ( طب قدیم) کی ایک روشن مثال ہے۔ کورونا  وائرس کاشکار ہونیوالے سابق فوجی اہلکار نے وائرس کے علاج کے دنوں میں معاشرتی تنہائی میں رہنے کے اپنے مشاہدات بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنا بدترین خواب دیکھا ہے۔ یہ کورونا وائرس نہیں تھا، لیکن طویل علاج کو تنہائی میں کرنا جس نے اسے ایک تلخ تجربہ بنا دیا تھا۔اگر آپ بیمار ہیں تو آپ کو اپنے آس پاس عزیزوں کی ضرورت ہے۔


خبر کا کوڈ: 854180

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/854180/کورونا-اپڈیٹس-متاثرین-کی-تعداد-2291-31-جاں-بحق-107-صحتیاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org