QR CodeQR Code

موجودہ صورتحال پر ملی یکجہتی کونسل کا اعلامیہ

2 Apr 2020 15:10

ہم اس امر پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں کہ بعض عاقبت نااندیش افراد ان حالات میں بھی ساری امت اور سب انسانوں کی خیر خواہی اور خدا خوفی کے بجائے افتراق و انتشار پھیلانے کی مذموم اور شیطانی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ہم امت اسلامیہ کے ہر فرد سے گذارش کرتے ہیں کہ اسلامی وحدت اور اتحاد کے راستے پر مضبوطی سے قائم رہے اور اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھا مے رکھے۔ اٹھیں اور افتراق و انتشار کی کوششوں کو ناکام بنا دیں جیسا کہ ارشاد الٰہی ہے: وَ اعْتَصِمُوْا بِحَبْلِ اللّٰہِ جَمِیْعًا وَّ لَا تَفَرَّقُوْا۔


اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل کی تمام رکن جماعتوں کے قائدین، علماء کرام اور دینی راہنمائوں نے کرونا وائرس کے پھیلائو سے پیدا ہونے والی صورت حال پر مندرجہ ذیل اعلامیہ جاری کیا ہے:
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
کرونا وائرس اس وقت تمام دنیا میں پھیل چکا ہے اور ساری انسانیت اس کی وجہ سے پریشانیوں اور مشکلات کا شکار ہے، اموات، تیز رفتاری سے بڑھ رہی ہیں اور دنیا میں خوف کی ایک فضا قائم ہے۔ اس صورت حال نے اہل درد، اہل دین اور اہل علم کو بھی فکر و غم میں مبتلا کر دیا ہے۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم کے پیش نظر اور اپنی رحمانیت و رحیمیت کے صدقے ساری انسانیت کو اس وبا و بلا سے نجات عطا کرے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ رجوع الی اللہ کا وقت ہے۔ اللہ تعالیٰ ہی نے ارشاد فرمایا ہے: اَمَّنْ یُّجِیْبُ الْمُضْطَرَّ اِذَا دَعَاہُ وَ یَکْشِفُ السُّوْٓءَ(نمل:62) کون ہے (اللہ کے سوا) جب کوئی مضطر و بے قرار اسے پکارتا ہے تو وہ اُس کی فریاد سنتا ہے اور اُس سے تکلیف کو دور کر دیتا ہے۔ ہم اپنے تمام ہم وطن خواتین و حضرات اور دیگر تمام بندگانِ خدا سے اس موقع پر احتیاطی تدابیر کو ملحوظ رکھنے کی بھی گذارش کرتے ہیں, کیونکہ سنت رسولؐ اور عقل خداداد کا یہی تقاضا ہے، ہمیں اپنی بھی حفاظت کرنا ہے اور اپنے دیگر ہم نوع افراد کی بھی۔

ایسے میں ہمیں اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ملحوظ رکھنا ہے کہ جس نے ایک انسان کو احیاء کیا اور اُسے موت کی آغوش میں جانے سے بچا لیا، اُس نے گویا ساری  انسانیت کو زندہ کیا جیسا کہ فرمایا گیا ہے: وَ مَنْ اَحْیَاھَا فَکَاَنَّمَآ اَحْیَا النَّاسَ جَمِیْعًا(مائدہ:32) اور جو ایک انسان کی زندگی کا باعث بنا اس نے گویا سب انسانوں کو زندگی دی۔ اس آیت اور قرآن و سنت کی دیگر تعلیمات کے پیش نظر اس وقت ضروری ہوگیا ہے کہ ہم میں سے ہر کوئی دوسرے انسان کی مدد کے جذبے سے سرشار ہو کر اٹھ کھڑا ہو۔ اس وقت بہت سے ادارے اور جماعتیں خدمت عامہ میں مصروف ہیں۔ ان کی خدمات قابل قدر اور ان شاء اللہ عند اللہ ماجور ہیں۔ ہر کوئی اپنے طور پر یا اجتماعی کوششوں کا حصہ بن کر خدمت عامہ کے امور میں شریک ہو جائے۔ ایسے میں اپنے خاندان، عزیز و اقارب، ہمسایوں اور محلہ داروں کا خاص خیال رکھیں۔ ہم مخیر حضرات سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ مشکل کی اس گھڑی میں پہلے سے بڑھ چڑھ کر لوگوں کی مدد کے لیے نکل کھڑے ہوں۔ یقیناً اللہ تعالیٰ کے ہاں اس کا بے حساب اجر و ثواب ہے۔

ان حالات میں اگرچہ بعض شعائر اسلام کی تعطیل اضطراری ہے، تاہم شعائر اسلام کی عظمت کا دلوں میں احساس زندہ رکھنا ضروری ہے۔ اسی طرح مساجد سے اپنے قلبی تعلق کو باقی رکھا جائے اور جونہی حالت اضطرار ختم ہو پہلے سے بڑھ کر انہیں آباد کیا جائے، کیونکہ مسجدوں کو آباد رکھنا ایمانیات کا تقاضا ہے۔ البتہ موجودہ حالات میں حکومتی احکام پر عمل کرتے ہوئے جو لوگ مساجد میں نہیں جائیں گے، ان پر ترک جماعت کا کوئی وبال نہیں ہوگا۔(ان شاء اللہ) اس موقع پر ہم حکومت پاکستان سے گذارش کرتے ہیں کہ اپنے وعدے پر کابند رہے اور مساجد کی تالابندی سے اجتناب کرے۔ ملک کے مختلف علاقوں سے ملنے والی خبروں کے مطابق انتظامیہ مساجد کی تالا بندی اور ائمہ جمعہ و جماعت کی گرفتاری کا اقدام کر رہی ہے۔ ائمہ جمعہ و جماعت کی یہ گرفتاریاں قابل مذمت ہیں، اگرچہ ان میں سے اکثر کو رہا کر دیا گیا ہے۔ ہم حکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ مشکل کی اس گھڑی میں علماء اور ائمہ مساجد سے تعاون حاصل کرنے کے بجائے انہیں اذیت میں مبتلا نہ کرے۔

آخر میں ہم اس امر پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں کہ بعض عاقبت نااندیش افراد ان حالات میں بھی ساری امت اور سب انسانوں کی خیر خواہی اور خدا خوفی کے بجائے افتراق و انتشار پھیلانے کی مذموم اور شیطانی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ہم امت اسلامیہ کے ہر فرد سے گذارش کرتے ہیں کہ اسلامی وحدت اور اتحاد کے راستے پر مضبوطی سے قائم رہے اور اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھا مے رکھے۔ اٹھیں اور افتراق و انتشار کی کوششوں کو ناکام بنا دیں جیسا کہ ارشاد الٰہی ہے: وَ اعْتَصِمُوْا بِحَبْلِ اللّٰہِ جَمِیْعًا وَّ لَا تَفَرَّقُوْا(آل عمران:103) آخر میں اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس عالمگیر وبا سے اپنے بندوں کو نجات عطا فرمائے اور اس زمین کے باسیوں کے گناہوں اور نافرمانیوں سے صرف نظر فرمائے اور ہم سب پر اپنی رحمت اور فضل کا سایہ فرمائے۔(آمین)

تائید کنندگان
 ڈاکٹر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر، صدر ملی یکجہتی کونسل و صدر جمعیت علمائے پاکستان نورانی
جناب سراج الحق، امیر جماعت اسلامی پاکستان
علامہ سید ساجد علی نقوی، سینیئر نائب صدر ملی یکجہتی کونسل پاکستان
و سربراہ اسلامی تحریک پاکستان
جناب لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل و نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان
صاحبزادہ پیر عبدالرحیم نقشبندی، سربراہ جمعیت علمائے اسلام (سینیئر)
قاضی سید نیاز حسین نقوی، نائب صدروفاق المدارس شیعہ پاکستان
جناب حافظ عاکف سعید، امیر تنظیم اسلامی پاکستان
مولانا عبدالمالک، سربراہ رابطۃ المدارس العربیۃ
مولانا حافظ اللہ وسایا، سربراہ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت
 پیر سید ہارون علی گیلانی، رہبر ہدیۃ الہادی پاکستان
حافظ عبد الغفار روپڑی، سربراہ جماعت اہل حدیث پاکستان
سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، امیر متحدہ جمعیت اہل حدیث
سید ثاقب اکبر، سربراہ البصیرہ پاکستان
قاری محمدیعقوب شیخ، مرکزی راہنما تحریک حرمت رسول
جناب علامہ عارف حسین واحدی، ناظم اعلیٰ اسلامی تحریک پاکستان
جناب خرم نواز گنڈا پور، ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن
سید محمد صفدر شاہ گیلانی، ناظم اعلیٰ جمعیت علمائے پاکستان نورانی
مفتی گلزار احمد نعیمی، سربراہ جماعت اہل حرم
جناب محمد عبداللہ گل، صدر تحریک جوانان پاکستان
جناب قاضی ظفرالحق، سربراہ تحریک احیائے خلافت
جناب پروفیسر محمد ابراہیم، چیئرمین خطبات جمعہ کمیشن ملی یکجہتی کونسل
جناب مولانا ابو عمار زاہدالراشدی، سیکرٹری جنرل پاکستان شریعت کونسل
جناب خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ، سربراہ علماء و مشائخ رابطہ کونسل
صاحبزادہ سلطان احمد علی، ناظم اعلیٰ تنظیم العارفین
پیر غلام رسول اویسی، سربراہ تحریک اویسیہ پاکستان
مولانا محمد زاہد محمود قاسمی، چیئرمین مرکزی علماء کونسل
قاری زوار بہادر، مرکزی راہنماء جمعیت علمائے پاکستان نورانی
مولانا زبیر احمد ظہیر، سربراہ اسلامی جمہوری اتحاد
سید سجاد نقوی، چیئرمین امامیہ آرگنائزیشن


خبر کا کوڈ: 854228

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/854228/موجودہ-صورتحال-پر-ملی-یکجہتی-کونسل-کا-اعلامیہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org