0
Thursday 2 Apr 2020 16:34

سنی تحریک کی حکومت کو ٹائیگر فورس کیلئے ہزاروں کارکن دینے کی پیشکش

سنی تحریک کی حکومت کو ٹائیگر فورس کیلئے ہزاروں کارکن دینے کی پیشکش
اسلام ٹائمز۔ سنی تحریک پنجاب نے حکومت کو ٹائیگر فورس کیلئے ہزاروں کارکنان دینے کی پیشکش کر دی۔ سنی تحریک پنجاب کے جنرل سیکرٹری محمد زاہد حبیب قادری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کرونا وائرس ٹائیگر فورس کو غیر سیاسی رکھیں تو سنی تحریک پنجاب بھر سے اپنے ہزاروں کارکنان پیش کر سکتی ہے، کرونا وائرس کے خاتمے کی قومی جدوجہد میں تمام سیاسی، مذہبی اور فلاحی تنظیموں کو یکجا کرنے کیلئے حکومت کردار ادا کرے، ملک کی تمام پارلیمانی و غیر پارلیمانی مذہبی و سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے ایک متفقہ قومی لائحہ عمل تشکیل دینے کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے۔ انہوں نے کہا لاک ڈاؤن کی زد میں آئی ہوئی دنیا کشمیر میں بھارتی حکومت کا لاک ڈاؤن ختم کروائے۔ سنی تحریک نے کرونا وائرس کے متاثرین میں راشن تقسیم کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، غریبوں اور مزدوروں کو مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔ سنی تحریک کے شعبہ خدمت ”اہلسنّت خدمت فاؤنڈیشن“ کے زیراہتمام پنجاب بھر میں متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

لاہور میں 120 خاندانوں میں راشن تقسیم کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے زاہد حبیب قادری کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں مستحقین اور دیہاڑی دار مزدوروں کیلئے امداد 15 ہزار روپے مقرر کی جائے، وفاقی حکومت کرونا ٹیسٹ فیس ختم کرکے تمام ٹیسٹ فری کرے، حکومت ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو سیفٹی کیلئے مطلوبہ ضروری سامان فراہم کرے، مصنوعی غذائی قلت پیدا کرنیوالے اللہ سے دشمنی کر رہے ہیں، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن ناگزیر ہو چکا ہے، حکومت اشیائے ضرورت مہنگے داموں فروخت کرنیوالے تاجروں کیخلاف فوری کارروائی کرے، آزمائش کی اس گھڑی میں ایثار و قربانی کی روش اختیار کر کے غریبوں کی مدد کرنا ہی اللہ کو راضی کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے، پوری قوم کرونا کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

زاہد حبیب قادری نے کہا کہ سنی تحریک اپنی تمام دیگر تنظیمی سرگرمیاں چھوڑ کر کرونا وائرس کیخلاف آگاہی مہم چلا رہی ہے۔ سنی تحریک کے پلیٹ فارم سے پنجاب بھر میں راشن، ماسک اور سینی ٹائزر لوگوں میں تقسیم کیے جا رہے ہیں، ہمارے کارکنان بلافریق مذہب و مسلک قوم کی خدمت کر رہے ہیں اور مساجد کیساتھ ساتھ مندروں اور چرچز میں سپرے کر رہے ہیں، کرونا نے دنیا کی بڑی طاقتوں کو بھی شکست سے دوچار کر دیا ہے، اس سے بچنے کیلئے اجتماعی توبہ و استغفار کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران خود بھی توبہ کریں اور عوام سے بھی اپیل کریں کہ اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں۔
خبر کا کوڈ : 854233
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش