0
Friday 3 Apr 2020 02:40

ایران عراق میں موجود امریکی فوجیوں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، امریکی میڈیا

ایران عراق میں موجود امریکی فوجیوں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، امریکی میڈیا
اسلام ٹائمز۔ ایک امریکی اخبار نے نامعلوم امریکی انٹیلیجنس افسر کے زبانی دعوی کیا ہے کہ ایران عراق میں موجود امریکی فورسز پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ امریکی اخبار کا لکھنا ہے کہ امریکی جاسوس تنظیموں نے خبر دی ہے کہ ایران عراق کے اندر موجود اپنے حمایت یافتہ عسکری گروپس کے ذریعے امریکی فوجیوں پر حملے کی منصوبہ بندی میں مشغول ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی اخبار وال اسٹریٹ جورنل نے نامعلوم امریکی انٹیلیجنس ذرائع کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ امریکی انٹیلیجنس افسر جو اپنا نام ظاہر نہیں کرنا چاہتا، کا کہنا ہے کہ چند ہفتوں کے دوران ہم نے بہت سنجیدہ تبدیلیاں ملاحظہ کی ہیں اور عنقریب (امریکیوں کے خلاف) وقوع پذیر ہونے والے ناگوار حوادث کے منتظر ہیں۔

دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ٹوئٹر پر نشر ہونے والے ایک پیغام میں لکھا ہے کہ ملنے والی اطلاعات کے مطابق ایران اپنے حمایت یافتہ گروپس کے ہمراہ امریکی فورسز یا تنصیبات کو اچانک نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور اگر ایسا ہوا تو ایران کو اس کی سنگین قیمت چکانا پڑے گی جبکہ امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے 2 روز قبل ہی یہ کہا تھا کہ میرا خیال نہیں کہ امریکہ کے دشمن کرونا وائرس کے بحران سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہوں۔ دوسری طرف عراق میں موجود امریکی و اتحادی فورسز نے چند ہفتوں سے عراقی فوجی اڈوں کو خالی کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے جبکہ عالمی و عراقی ماہرین کا خیال ہے کہ امریکی عقب نشینی کے بعد عراق میں موجود عوامی مزاحمتی فورسز کو امریکہ کی طرف سے نشانہ بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایران پر یہ الزامات ایک ایسے وقت میں لگائے جا رہے ہیں جب عراق کے اندر امریکہ کی وسیع فوجی نقل و حرکت کی بناء پر عراقی و امریکی ماہرین کی طرف سے عراق کے خلاف امریکہ کے کسی نئے وسیع فوجی حملے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ عراقی حکومت اور عوام کی مرضی کے خلاف عراق میں اپنی فوجی موجودگی کو برقرار رکھنے کے لئے ہر قسم کا اقدام کرنے کو تیار ہے اور یہی وجہ ہے کہ امریکہ کی طرف سے عراق میں اپنے فوجی قیام میں توسیع کی خاطر عراقی سرکاری افواج میں شامل عوامی مزاحمتی فورسز کے مراکز کو وسیع حملوں کا نشانہ بنانے کی کوشش کی جا سکتی ہے جو اپنی سرزمین پر امریکی قبضے کی سب سے بڑی مخالف ہیں۔
خبر کا کوڈ : 854331
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش