QR CodeQR Code

ایران جنگ شروع نہیں کرتا البتہ جنگ شروع کرنیوالوں کو سبق ضرور سکھاتا ہے، محمد جواد ظریف

3 Apr 2020 03:33

ایرانی وزیر خارجہ نے ٹوئٹر پر نشر ہونیوالے اپنے پیغام میں امریکی حکام کے جنگی جنون پر شدید تنقید کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کر کے لکھا ہے کہ ہمیشہ کے جنگی دیوانوں سے پھر دھوکہ مت کھائیے۔ انہوں نے جھوٹ، فریب اور دہشتگردی پر مبنی امریکی سیاست کیطرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا کہ امریکہ کے برخلاف، جو خفیہ طریقے سے جھوٹ بولتا ہے، دھوکہ دیتا ہے اور معروف شخصیات کو چھپ کر قتل کرتا ہے، ایران اپنے دفاع کیخاطر کھلم کھلا اقدام اٹھاتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے امریکی میڈیا اور حکام کی طرف سے ایران پر عراق کے اندر موجود امریکی فوجیوں پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے کے الزامات عائد کئے جانے کے جواب میں کہا ہے کہ تہران جنگ شروع نہیں کرتا تاہم جنگ شروع کرنے والوں کو سبق ضرور سکھاتا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے ٹوئٹر پر نشر ہونے والے اپنے پیغام میں امریکی حکام کے جنگی جنون پر شدید تنقید کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کر کے لکھا ہے کہ ہمیشہ کے جنگی دیوانوں سے پھر دھوکہ مت کھائیے۔

ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے امریکی میڈیا اور حکام کی طرف سے عراقی سرکاری افواج میں شامل عوامی مزاحمتی فورسز پر ایران کے حمایت یافتہ جنگجو (Proxy) ہونے کا الزام عائد کئے جانے کے جواب میں لکھا ہے کہ ایران اپنے بہت سے دوست رکھتا ہے جبکہ کوئی بھی ملین ہا حمایتی جنگجو (Porxies) نہیں رکھ سکتا۔ انہوں نے جھوٹ، فریب اور دہشتگردی پر مبنی امریکی سیاست کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا کہ امریکہ کے برخلاف، جو خفیہ طریقے سے جھوٹ بولتا ہے، دھوکہ دیتا ہے اور معروف شخصیات کو چھپ کر قتل کرتا ہے، ایران اپنے دفاع کی خاطر کھلم کھلا اقدام اٹھاتا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے لکھا کہ ایران کبھی جنگ شروع نہیں کرتا البتہ جو اس کے خلاف جنگ شروع کرے اسے سبق ضرور سکھاتا ہے۔


واضح رہے کہ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جورنل نے نامعلوم امریکی انٹیلیجنس افسر کے زبانی ایران پر الزام عائد کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ایران عراق کے اندر موجود امریکی فوجیوں پر حملوں کا منصوبہ بنا رہا ہے اور اسی طرح امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی گزشتہ روز ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں لکھا تھا کہ امریکہ عراق کے اندر موجود اپنے حمایت یافتہ عسکری گروپس (Proxies) کے ذریعے امریکی فوجیوں پر اچانک حملہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے جبکہ ایک اور امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے گزشتہ ہفتے عراق کی سرکاری افواج میں شامل عوامی مزاحمتی فورس کتائب حزب اللہ پر امریکی وزارت دفاع پینٹاگون کے طے شدہ وسیع حملوں کے منصوبے کا انکشاف کیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 854338

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/854338/ایران-جنگ-شروع-نہیں-کرتا-البتہ-کرنیوالوں-کو-سبق-ضرور-سکھاتا-ہے-محمد-جواد-ظریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org