0
Friday 3 Apr 2020 12:26

پاکستان میں موجود امریکی شہریوں کی خصوصی پرواز کے ذریعے واپسی

پاکستان میں موجود امریکی شہریوں کی خصوصی پرواز کے ذریعے واپسی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں موجود امریکی شہریوں کی وطن واپسی شروع ہوگئی، خصوصی پرواز کراچی سے سیکڑوں مسافروں کو لیکر شکاگو کے لیے روانہ ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق جہاں دنیا بھر میں جان لیوا کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اندرون و بیرون ملک پروازیں معطل ہیں، وہیں پاکستان میں احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے سول ایوی ایشن نے عارضی طور پر اندرون و بیرون پروازیں معطل کردیں تھیں۔ پروازوں کی معطلی کے باوجود امریکی شہریوں کو لینے قاہرہ سے خصوصی طیارہ کراچی پہنچا تھا، جس کے بعد پرواز ایم ایس آر 3200 کے ذریعے امریکی شہری کراچی سے براستہ اسلام آباد شکاگو روانہ ہوئے۔ خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان سے 135 مسافر امریکا کے لیے روانہ ہوئے، جس میں امریکی سفارتخانے کا بھی 16 رکنی عملہ شامل ہے۔

ایئرپورٹ مینیجر نے بتایا کہ روانگی سے قبل مسافروں کی کراچی ایئرپورٹ پر مکمل طبی جانچ پڑتال اور اسکریننگ کی گئی، یہاں تک کے مسافروں کے سامان کو بھی جہاز میں لوڈ کرنے سے پہلے مکمل طور پر سینیائزڈ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن نے امریکا کی درخواست پر خصوصی طیارے کو مسافروں کو لے جانے کی اجازت دی تھی۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز 300 کینیڈین شہریوں کو پاکستان ایئر لائن کی پرواز پی کے 784 کے ذریعے لاہور سے ٹورنٹو کے روانہ کیا گیا تھا۔
 
خبر کا کوڈ : 854377
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش