0
Friday 3 Apr 2020 12:45

سندھ، 3 گھنٹے کیلئے مکمل لاک ڈاؤن

سندھ، 3 گھنٹے کیلئے مکمل لاک ڈاؤن
اسلام ٹائمز۔ سندھ میں جمعے کے روز دن 12 بجے سے 3  گھنٹے کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کا آغاز ہو گیا ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جمعہ کے روز دن 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن رہے گا۔ نوٹیفکیشن کے متن کے مطابق مکمل لاک ڈاؤن میں نہ دکان کھلے گی اور نہ ہی ٹرانسپورٹ چلے گی، جبکہ شہریوں کو نقل و حرکت کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا تھا کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائیگی۔ واضح رہے کہ سندھ حکومت نے صوبے میں لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کا بھی باقاعدہ اعلان کیا ہے جس کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے بھر میں لاک ڈاون کےتحت پابندیوں کا اطلاق 14 اپریل تک رہے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران تمام عوامی، سیاسی، مذہبی و دیگر اجتماعات پر پابندی ہو گی، صرف مقررہ اوقات کے دوران مخصوص کاروباری سرگرمیاں کی جا سکیں گی، مساجد میں 3 سے 5 افراد باجماعت نماز ادا کر سکیں گے، عام شہری نماز ظہر گھر پر ہی ادا کریں گے۔ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ نماز جنازہ اور تدفین کے علاوہ ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی ہوگی، نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی جب کہ سندھ میں تمام انٹرسٹی ٹرانسپورٹ سروس بھی بند رہے گی اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ نقل و حرکت ممنوع ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 854379
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش