QR CodeQR Code

ڈینیئل پرل قتل کیس میں رہا ہونے والے ملزمان 3 ماہ کیلئے زیرحراست

3 Apr 2020 13:24

سینٹرل انویسٹیگیشن ایجنسی کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل نے سندھ حکومت کو خط لکھا تھا جس میں ملزمان کی رہائی سے نقص امن کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ محکمہ داخلہ سندھ نے امریکی صحافی ڈینیئل پرل کے اغوا کے بعد قتل کے مقدمے سے رہا ہونے والے ملزمان کو مزید 3 ماہ کے لیے دوبارہ حراست میں لے لیا۔ سینٹرل انویسٹیگیشن ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) نے سندھ حکومت کو خط لکھا تھا جس میں ملزمان کی رہائی سے نقص امن کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔ خیال رہے گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ نے امریکی صحافی ڈینیئل پرل کے اغوا کے بعد قتل کے مقدمے میں 4 ملزمان کی دائر کردہ اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے 3 کی اپیلیں منظور کرلیں جبکہ عمر شیخ کی سزائے موت کو 7 سال قید میں تبدیل کردیا تھا۔ ڈی آئی جی کے خط کے جواب میں صوبائی محکمہ داخلہ سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ڈینیئل پرل قتل کیس کے ملزم احمد عمر شیخ اور شریک ملزمان فہد نسیم، سید سلمان ثاقب اور شیخ محمد عادل اپیلیں سندھ ہائی کورٹ نے منظور کی تھیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل سی آئی اے نے آگاہ کیا تھا کہ مذکورہ ملزمان کی رہائی سے امن و عامہ کی صورتحال سنگین ہوسکتی ہے اور تجویز دی تھی کہ ملزمان کو مزید 3 ماہ تک قید رکھا جائے۔ چنانچہ گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے کیس کی نوعیت اور ڈی آئی جی کی درخواست کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ گرفتار ملزمان کی رہائی سے عوام کے تحظ کی صورتحال خراب ہونے کا اندیشہ ہے کیوں کہ وہ ملکی مفاد کے خلاف کام کرسکتے ہیں۔ لہٰذا گورنر سندھ نے ویسٹ پاکستان پبلک آرڈیننس 1960 کے تحت اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ملزمان کی دوبارہ گرفتاری اور گرفتاری کی تاریخ سے 3 ماہ تک کے لیے زیر حراست رکھنے کا حکم دیا۔ محکمہ داخلہ کے اعلامیہ کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کراچی سینٹرل جیل کے سینئر سپرنٹنڈٹ کے تحت عمل میں لائی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 854383

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/854383/ڈینیئل-پرل-قتل-کیس-میں-رہا-ہونے-والے-ملزمان-3-ماہ-کیلئے-زیرحراست

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org