0
Friday 3 Apr 2020 13:50

سارک کی وزرائے صحت ویڈیو کانفرنس کیلئے پاکستان کی تجویز کی حمایت

سارک کی وزرائے صحت ویڈیو کانفرنس کیلئے پاکستان کی تجویز کی حمایت
اسلام ٹائمز۔ جنوبی ایشیا کی تنظیم برائے علاقائی تعاون (سارک) کے سیکریٹری جنرل ایسالا رووان ویراکون نے کووِڈ 19 عالمی وبا پر 98 رکن ممالک کے وزرائے صحت کی ویڈیو کانفرنس کے سلسلسے میں پاکستان کی پیش کردہ تجویز کی حمایت کر دی۔ دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سارک کے سیکریٹری جنرل کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی جس میں ایسالا رووان ویراکون نے پاکستان کی جانب سے وزرائے صحت کی ویڈیو کانفرنس کی تجویز کو سراہا۔ اس موقع پر سارک کے سیکریٹری جنرل اور وزیر خارجہ نے کورونا وائرس کی عالمی وبا سے لڑنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کی 15 تاریخ کو بھارت نے کورونا وائرس کے حوالے سے سارک سربراہان کی ویڈیو کانفرنس کی میزبانی کی تھی اور اس وقت سے ہی پاکستان سارک کے وزرائے صحت کے اجلاس کی تجویز پر زور دے رہا تھا۔

اس سلسلے میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت اور افغانستان کے سوا دیگر تمام ممالک کے ہم منصبوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا تھا۔ اس کے علاوہ پاکستان نے کووِڈ 19 کے لیے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی تجویز پر قائم کردہ سارک فنڈ کے استعمال کے حوالے سے وضاحت بھی مانگی تھی اور یہ مطالبہ کیا تھا کہ اسے سارک کے سیکریٹری جنرل کے اختیار میں ہونا چاہیے۔ خیال رہے کہ پاکستان کے سوا خطے کے دیگر تمام ممالک اس فنڈ کے لیے وعدے کر چکے ہیں جو مجموعی طور پر ایک کروڑ 88 لاکھ ڈالر کی رقم بنتی ہے۔دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ وزیر خارجہ نے اس بات کو بھی دہرایا کہ مجوزہ سارک کووڈ 19 ایمرجنسی فنڈ سارک کے جنرل سیکریٹری کے اختیار میں ہونا چاہیے اور اس فنڈ کو استعمال کرنے کا طریقہ کار رکن مالک کی مشاورت سے طے کیا جانا چاہیے۔

خیال رہے کہ سری لنکا سے تعلق رکھنے والے سفارتکار ایسالا رووان ویراکون نے گزشتہ ماہ سارک کے 14ویں سیکریٹری جنرل کا منصب سنبھالا تھا اس کے بعد سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ان کے ساتھ یہ پہلا ٹیلیفونک رابطہ تھا۔ وزیر خارجہ نے انہیں پاکستان کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے دور میں سارک تنظیم متحرک اور آگے بڑھے گی۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ وزیر خارجہ نے معاشی نمو کو تیز کرنے کے مشترکہ ہدف کا ادراک کرنے اور جنوبی ایشیا کے عوام کی بہبود کے فروغ کے لیے پاکستان کی جانب سے سارک سیکریٹریز اور رکن ممالک کے ساتھ مکمل کر کام کرنے کا عزم دہرایا۔
خبر کا کوڈ : 854385
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش