0
Friday 3 Apr 2020 14:54
تبلیغی جماعتوں کو مساجد میں قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ

کورونا اپڈیٹس، متاثرین کی تعداد 2450، 35 جاں بحق، 126 صحتیاب

ورلڈ بینک کی طرف سے 200 ملین ڈالر امداد، پختونخوا میں فوج تعینات
کورونا اپڈیٹس، متاثرین کی تعداد 2450، 35 جاں بحق، 126 صحتیاب
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد 2450 ہو گئی ہے جبکہ اس خطرناک بیماری سے 35 افراد جاں بحق اور 126 صحت یاب ہو چکے ہیں۔ وفاقی وزارت صحت کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 66 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد اس وبا کے مریضوں کی تعداد 2 ہزار 450 ہو گئی ہے۔ اس وائرس سے 35 مریض زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ کورونا میں مبتلا افراد میں سے 10 کی حالت تشویش ناک ہے اور 126 نے اس سے صحت یابی حاصل کر لی ہے۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 920 ہو گئی ہے، سندھ میں 783، خیبر پختونخوا میں 311، بلوچستان میں 169 ، اسلام آباد میں 62 ، گلگت بلتستان میں 190 جب کہ آزاد کشمیر میں 9 افراد کورونا کا شکار ہیں۔

دوسری جانب وفاقی کابینہ نے خیبرپختون خوا میں پاک فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔ خیبر پختونخوا حکومت نے کورونا وائرس کے تناظر میں لاک ڈاؤن پر عمل درآمد میں سول انتظامیہ کی مدد کے لیے وفاق سے فوج تعینات کرنے کی درخواست کی تھی۔ وزارت داخلہ نے کابینہ سے خیبر پختوخوا میں فوج تعینات کرنے کی استدعا کی تھی۔ کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے صوبے میں فوج تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ کی منظوری کے بعد پاک فوج سول انتظامیہ کی مدد کے لیے خیبر پختون خوا میں تعینات ہو گی۔ اس کے ساتھ ساتھ مساجد میں پھیلی تبلیغی جماعتوں کو انہیں مساجد میں قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں مرکز اور چاروں صوبوں کے ریلیف اور انتظامیہ سے متعلق اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں ملک بھر میں پھیلی تبلیغی جماعتوں کی اپنے اپنے گھروں کو واپسی اور کورونا وائرس کے پھیلاﺅ میں ان کے کردار پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی اور چاروں صوبائی حکومتوں نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ تبلیغی جماعتیں جو ملک کے کونے کونے میں پھیلی ہوئی ہیں اور تبلیغ کے عمل میں مصروف ہیں، ان تمام تبلیغی جماعتوں کو ان مسجدوں کے اندر قرنطینہ کر دیا جائے گا جن میں یہ پہلے سے ٹھہری ہوئی ہیں، اس فیصلے کے بعد ملک میں ان تمام مساجد کو قرنطینہ قرار دیا جائے گا جہاں تبلیغی جماعتیں مصروف ہیں۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق رائے پایا گیا کہ تبلیغی جماعتوں کو انتہائی عزت و احترام کے ساتھ ان کے گھروں کو واپس بھجوایا جائے گا جس میں چاروں صوبائی حکومتیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گی۔ علاوہ ازیں ورلڈ بینک نے پاکستان کے لیے 200 ملین ڈالر کے پیکیج کی منظوری دی ہے۔ ورلڈ بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے پاکستان کے لیے 200 ملین ڈالر کے پیکیج کی منظوری دیدی ہے جو کورونا وبا سے نمٹنے، صحت کے نظام کو تقویت دینے اور سماجی و اقتصادی مسائل کے حل پر استعمال کیا جائے گا، اس کے علاوہ ضروری طبی سامان کی فراہمی کے 8 جاری منصوبوں سے 38ملین ڈالر کی اضافی رقم بھی حاصل کی جائے گی۔ کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف لڑنے کے لئے پاکستان کی مدد میں اضافہ کر رہے ہیں، پریپ منصوبہ کورونا کا پتہ لگانے اور نگرانی کرنے کی صلاحیت کو مستحکم کرنے میں مدد کرے گا جب کہ غریبوں کو نقد رقم کی منتقلی میں مدد کے لئے وسائل بھی فراہم کرے گا، اس کے علاوہ پریپ سرکاری اور نجی اسپتالوں میں وینٹیلیٹر اور پیرا میڈیکس کو ذاتی تحفظ کا سازو سامان بھی فراہم کرے گا۔

 
خبر کا کوڈ : 854397
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش