0
Friday 3 Apr 2020 21:18

ڈومیسائل قانون نوجوانوں کے حقوق پر شب خون مارنے کے مترادف ہے، میرواعظ عمر فاروق

ڈومیسائل قانون نوجوانوں کے حقوق پر شب خون مارنے کے مترادف ہے، میرواعظ عمر فاروق
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے اور اس کی جغرافیہ کو تبدیل کرنے کا عمل اگست 2019ء سے ایک منظم طریقے سے آگے بڑھایا جارہا ہے اور بھارتی حکومت کی جانب سے حالیہ اقامتی حکم اُسی منصوبے کا ایک حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے قوانین ریاست کے مقامی باشندوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے اور بیرون ریاست کے لوگوں کو یہاں داخل کرنے کی راہ اور ان کی آبادکاری میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اس طرح کی کارروائیوں سے نہ صرف مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کی کوششوں کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ نوجوانوں اور آنے والی نسلوں کے روزگار اور ترقی کے امکانات پر شب خون مارنے کے مترادف ہے اور ان کے حقوق اور منفرد ثقافتی ورثہ کو ختم کرنے کی ایک مذموم کوشش ہے۔

جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے مسلسل مرکزی قوانین اور احکامات کے نفاذ اور ان پر عمل آوری یہاں کے عوام کیلئے حد درجہ تکلیف دہ اور افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جبکہ پوری دنیا COVID-19 کی وجہ سے زندگی او ر بقا کی جنگ میں مصروف ہے اس طرح کے احکامات اور قوانین کا نفاذ کئی شکوک و شبہات کو جنم دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کی طرح جموں و کشمیر کے عوام بھی طبی ایمرجنسی کی وجہ سے لاک ڈاؤن میں ہیں اور اس جارحاجہ قانون کے خلاف اپنی احتجاجی آواز بھی بلند نہیں کرسکتے ہیں۔ حریت کانفرنس نے بین الاقوامی برادری سمیت ہندوستان کے باضمیر افراد سے اپیل کی کہ جموں و کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ انصاف اور اخلاق کے اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے اس کے خلاف اپنی آواز اٹھائیں۔
خبر کا کوڈ : 854399
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش