0
Friday 3 Apr 2020 17:27

موجودہ صورتحال کے تناظر میں لیہ میں گول میز کانفرنس کا انعقاد

موجودہ صورتحال کے تناظر میں لیہ میں گول میز کانفرنس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ کرونا وائرس کے سبب زندگی مشکلات میں گھر گئی ہے، عوام کو حوصلہ دینے کیلئے عوامی نمائندوں کو میدان میں آنا پڑے گا، کرونا وائرس آفت صرف توبہ استغفار اور رجوع الی اللہ سے ہی دور ہوسکتی ہے، سیاسی قیادت عوام، تاجر، دانشور مشکل کی اس گھڑی میں ایک بیج پر ہیں۔ محلہ لیول، یونین کونسل لیول تک کمیٹیاں تشکیل دے کر لوگوں کی مشکلات کو حل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار عوامی نمائندوں، سیاسی عمائدین، تاجر و مذہبی سیاسی تنظیموں کے عہدیداراں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ میں منعقدہ گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس می میزبانی ایم پی اے تحریک انصاف و پارلیمانی سیکرٹری پنجاب سردار شہاب الدین خان سہیڑ اور ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ نے مشترکہ طور پر کی۔ ایم این اے ملک نیاز احمد جکھڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ لیہ کے سیاسی اداروں، پبلک کرائسیز پر تمام قیادت باہمی اتحاد و اتفاق اور مشکلات کے شکار عوام کی مدد کرنے پر اتفاق ہے، کرونا وائرس لاک ڈائون کے سبب گھروں میں بیٹھ جانے والے مزدوروں، دیہاڑی داروں کی جس منظم انداز میں ایم پی اے طاہر رندھاوا امداد کر رہے ہیں، وہ قابل تعریف ہے اور لیہ میں بھی کام ہو رہا ہے، اسے مزید منظم کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے خدانخواستہ کسی بڑی ناگہانی یا کرفیو کی صورت میں گھروں میں بیٹھ جانے والوں تک بنیادی ضروریات پہنچانے کیلئے ٹائیگر فورس بنائی ہے، روزانہ اجرت والے کاموں کو فعال کرنے کی اجازت ملنی چاہیئے، تاکہ ڈیلی ویجرز کے بچے بھوک نہ مریں۔ ایم پی اے تحریک انصاف سردار شہاب الدین خان سہیڑ نے کہا کہ عوام کرونا وائرس کے سبب مشکلات کا شکار ہیں، آج کی گول میز کانفرنس ایسے ضرورت مندوں کی مدد گیری کے حوالے سے سوچ بچار کی تقریب ہے، تاکہ اس اکٹھ کا اچھا نتیجہ برآمد ہو اور عوام کے مسائل میں کمی واقع ہوسکے۔ ایم پی اے لالہ طاہر رندھاوا نے اپنے عوامی انداز میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی نمائندہ ہی نہیں ہے، جسے اپنے حلقہ کے غریب عوام بارے علم ہی نہ ہو، لہذا ایم این اے لیہ ملک نیاز احمد جکھڑ، ایم پی اے شہاب الدین خان سہیڑ  و دیگر نمائندے گھروں سے باہر نکلیں اور عوام کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ چوک اعظم سٹی کو مختلف سیکٹرز میں تقسیم کرکے محلہ کی سطح پر مخیر حضرات کی کمیٹیاں بنا کر ضرورت مندوں کی مدد کی جا رہی ہے۔ جس کے بڑے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اشفاق سیال نے کہا کہ حکومت شہریوں کے لاک ڈائون کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل و مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہے اور چار ہزار روپے منظور شدہ امداد آئندہ چند روز تک تقسیم ہونا شروع ہو جائے گی۔

کانفرنس سے امیر جماعت اسلامی ضلع لیہ منور حسین چوہدری، امیر جمعیت علماء اسلام قاری محمد رمضان، شیعہ علماء کونسل کے سید نیر شاہ نے اپنے الگ الگ خطاب میں کہا کہ کرونا وائرس آفت ہے، جس سے نجات اللہ تعالیٰ سے توبہ استفغار کی صورت میں ہے۔ اللہ تبارک و تعالیٰ کی طرف رجوع سے ہی ہر قسم کی آفات و بلیات سے نجات مل سکتی ہے، صدر تحریک انصاف سابق ایم پی اے لیہ افتخار بابر کھتران نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت، سیاسی جماعتیں اور تمام سٹیک ہولڈرز ایک پیج پر ہیں اور مقامی قیادت عوام کے تعاون سے اجتماعی عزم و حوصلہ کی بدولت مشکلات سے نجات پالیں گے۔ پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی کے رہنما چوہدری محمد انور گجر، ملک محمد رمضان بھلر، عبدالرحمان مانی سیاسی سماجی شخصیت غلام عباس بھٹی نے الگ الگ خطاب میں کہا کہ اس موقع پر بلاامتیاز عوامی خدمت کو شعار بنانا چاہیئے، جماعت اسلامی، الخدمت فائونڈیشن لیہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیہ، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چوک اعظم کے ڈاکٹروں کو سیفٹی یونیفارم گفٹ کرنے کا اعلان کیا۔
خبر کا کوڈ : 854412
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش