0
Saturday 4 Apr 2020 08:44

اشیائے ضروریات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، عمران خان

اشیائے ضروریات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کووڈ 19 کے باعث ملک میں عوام کی آمدورفت پر عائد پابندیوں کے دوران اشیائے ضروریات کی فراہمی بلاتعطل جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔وزیراعظم نے یہ بات نو تشکیل شدہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں کہی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں ضروری غذائی اشیاء کی دستیابی اور فراہمی برقرار رکھنے کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت نے گزشتہ ماہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کوررونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے کیے گئے فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے اشیائے ضروریات اور خورونوش کی کمی کے امکان سے خبردار کیا تھا۔ تاہم اب تک کسی چیز کی قلت کی کوئی اطلاع نہیں کیوں کہ حکومت نے پابندی کے دوران اشیائے ضروریات کے تمام کاروبار کھلے رکھنے اور سامان بردار گاڑیوں کی آمدورفت جاری رکھنے کی اجازت دی ہوئی ہے تاہم اس کے باوجود خدشہ ہے کہ آئندہ آنے والے دنوں یا ہفتوں میں کسی چیز کی کمی ہو سکتی ہے۔

وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزوں کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور اسمگلروں کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔اس کے علاوہ انہوں نے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ذریعے ملک بھر میں کووِڈ 19 کو روکنے کے لیے فیصلوں کے موثر اطلاق پر بھی زور دیا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے این سی او سی پر ہیلتھ منیجمنٹ، مالی اثرات، سماجی و خوراک کے تحفظ، اسٹرٹیجک رابطوں اور آگاہی کے علاوہ کووِڈ 19 کی تبدیل ہوتی صورتحال کے ساتھ ٹھوس اور بھرپور ردعمل کے لیے زور دیا۔

کووِڈ 19 پر حکومت کے فوکل پرسن اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور این سی او سی کے ڈائریکٹر جنرل آپریشن اینڈ پلاننگ میجر جنرل آصف محمود گورایا نے وزیراعظم کو وبا کی صورتحال روک تھام کے لیے اٹھائے گئے اور آئندہ کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر، وفاقی وزیر برائے تحفظ خوراک خسرو بختیار، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 854533
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش