QR CodeQR Code

پوری ملت پاکستان اپنی برادر ایرانی قوم کیساتھ کھڑی ہے

سخت ترین حالات میں ایران پر امریکی پابندیاں اسکے قبیح مقاصد کو ظاہر کر رہی ہیں، علامہ ساجد نقوی

4 Apr 2020 23:16

ایس یو سی کے سربراہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایرانی عوام پابندیوں کے باوجود جس جرات مندی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، اس پر انہیں تحسین پیش کرتے ہیں، امید ہے ایرانی بہادر قوم جلد اس بحرانی کیفیت سے نکل جائیگی۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا ہے کہ کورونا بین الاقوامی انسانی المیہ ہے، مگر افسوس انسانی حقوق کا نام نہاد علمبردار امریکہ اپنی سامراجی اور طاغوتی ذہنیت میں انتہاء کو پہنچ گیا، سخت ترین وقت میں ایران پر مزید پابندیاں واضح کر رہی ہیں کہ ایسے استعمار سے کسی انسانی ہمدردی کی توقع عبث ہے، یہی صورتحال جاری رہی تو پھر دنیا میں پائیدار امن کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، او آئی سی کی خاموشی معانی خیز ہے، ایرانی عوام پابندیوں کے باوجود جس جرات مندی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، اس پر انہیں تحسین پیش کرتے ہیں، امید ہے ایرانی بہادر قوم جلد اس بحرانی کیفیت سے نکل جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاری اور نئی امریکی پابندیوں، پاکستان سمیت عالمی دنیا کی جانب سے پابندیوں کے خاتمے کے مطالبے پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک نے کورونا کے بین الاقوامی المیے کے باعث انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایران پر جاری پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا، مگر افسوس امریکی استعمار کی جانب سے پابندیاں ختم کرنے کی بجائے مزید پابندیوں کے قبیح اقدامات اٹھا دیئے گئے، جو واضح کر رہے ہیں کہ امریکہ کے پیش نظر کبھی انسانی حقوق، اقدار اور روایات نہیں بلکہ اپنے قبیح مقاصد کا حصول رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے اپنے تئیں پابندی اٹھانے کی بات کی، مگر افسوس امریکہ جیسے طاغوت کے سامنے اس کی حیثیت بے بس و بے اختیار ادارے سے زیادہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ایسا لگتا ہے کہ اسلامی تعاون نام کی تنظیم وجود نہیں رکھتی، کیونکہ اس انتہائی مشکل ترین مرحلہ پر اسے بھی خاموشی کے وائرس نے جکڑ لیا ہے۔ ایرانی قوم کے نام اپنے پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ اس مشکل ترین مرحلے پر پوری ملت پاکستان اپنے پڑوسی اور برادر ایرانی قوم کے ساتھ کھڑی ہے۔ ایرانی قوم اپنی جرات، بہادری اور بہترین قیادت کے ساتھ اس چیلنج میں بھی اسی طرح سرخرو ہوگی، جیسے بین الاقوامی پابندیوں کے باوجود اس نے ترقی کی نئی راہیں متعارف کرائی ہیں۔ انہوں نے مشکل ترین وقت میں جرات مندی پر پوری ایرانی قوم کو داد تحسین پیش کی۔


خبر کا کوڈ: 854698

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/854698/سخت-ترین-حالات-میں-ایران-پر-امریکی-پابندیاں-اسکے-قبیح-مقاصد-کو-ظاہر-کر-رہی-ہیں-علامہ-ساجد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org