QR CodeQR Code

فلسطینی یوم اطفال

فلسطینی بچوں کیخلاف اسرائیلی جرائم انسانی حقوق کی تنظیموں کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہیں، قدری ابوبکر

اسرائیلی جیلوں میں تاحال 200 فلسطینی بچے قید ہیں

5 Apr 2020 05:33

فلسطینی تنظیم انجمن اسرائے فلسطین کے سربراہ نے یوم اطفال کی مناسبت سے جاری ہونیوالے اپنے بیان میں اسرائیلی جیلوں میں قید کمسن فلسطینی بچوں کے اعداد و شمار بیان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اسرائیل نے سال 2000ء سے اب تک کم از کم 17,000 فلسطینی بچوں کو اپنی جیلوں میں قید رکھ کر جسمانی و روحانی اذیتوں کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جیلوں میں کمسن فلسطینی بچوں کیخلاف انجام پانیوالے جرائم اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی تمام تنظیموں کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہیں جو ان بچوں کو حمایت فراہم کرنیکے کسی چھوٹے سے چھوٹے اقدام سے بھی قاصر ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ قیدیوں کی دیکھ بھال کی فلسطینی تنظیم انجمن اسرائے فلسطین کے سربراہ قدری ابوبکر نے فلسطین میں منائے جانے والے یوم اطفال (5 اپریل) کی مناسبت سے جاری ہونے والے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کی مختلف جیلوں میں تاحال 200 کمسن فلسطینی بچے قید ہیں جن کی حالت زار سے عالمی برادری غافل ہے۔ قدری ابوبکر نے کہا کہ اسرائیل کی عوفر، مجدو اور دامون جیلوں میں قید کمسن فلسطینی بچوں کو اسرائیلی فوجیوں کے غیرانسانی سلوک کے ساتھ ساتھ ان کے شدید شکنجوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

فلسطینی ای میگزین دنیا الوطن کے مطابق انجمن اسرائے فلسطین نے اپنے بیان میں اسرائیل کے ہاتھوں قید کئے جانے والے کمسن فلسطینی بچوں کے اعداد و شمار بیان کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل نے سال 2000ء سے لیکر اب تک کم از کم 17 ہزار 12 تا 18 سالہ فلسطینی بچوں کو اپنی جیلوں میں قید رکھ کر جسمانی و روحانی اذیتوں کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ غاصب صیہونی رژیم دنیا کی وہ واحد حکومت ہے جو تاحال 10 سال سے کم عمر کے بچوں کی ایک بڑی تعداد کو لمبی مدت کے لئے اپنی جیلوں میں قید رکھ کر اذیت و آزار پہنچا چکی ہے۔

انجمن اسرائے فلسطین کے سربراہ نے فلسطینی یوم اطفال کے موقع پر اسرائیلی جیلوں میں قید کمسن فلسطینی بچوں کی حالت زار سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کی جیلوں میں قید کئے جانے والے کمسن بچوں کی ایک تہائی تعداد کو انواع و اقسام کے جسمانی شکنجوں میں جکڑا جاتا ہے جبکہ اعداد و شمار اور قید کئے گئے بچوں کی گواہی کے مطابق گرفتار کئے جانے والے تقریبا تمام کمسن بچوں کو پوچھ تاچھ کے مختلف مراحل کے دوران نفسیاتی اذیتوں کا شکار بھی بنایا جاتا ہے۔

ابوبکر قدری نے زور دیتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کی جیلوں میں کمسن فلسطینی بچوں کے خلاف انجام پانے والے جرائم اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی تمام تنظیموں کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہیں جو ان بچوں کو حمایت فراہم کرنے کے کسی چھوٹے سے چھوٹے اقدام سے بھی قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی شہر مقبوضہ قدس سے سب سے زیادہ بچوں کو گرفتار کیا جاتا ہے جبکہ وہاں سے روزانہ کی بنیاد پر گرفتار کئے جانے والے دسیوں کمسن بچوں کو غیرانسانی ماحول میں قید رکھا جاتا ہے۔ انجمن اسرائے فلسطین نے اپنے بیان کے آخر میں اقوام متحدہ، عالمی انسانی حقوق کمیشن، یونیسیف اور ایمینسٹی انٹرنیشنل سے مطالبہ کیا کہ وہ کمسن فلسطینی بچوں کے خلاف اسرائیلی جرائم کے خاتمے کے لئے غاصب صیہونی رژیم پر دباؤ ڈالیں۔


خبر کا کوڈ: 854730

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/854730/فلسطینی-بچوں-کیخلاف-اسرائیلی-جرائم-انسانی-حقوق-کی-تنظیموں-کے-ماتھے-پر-کلنک-کا-ٹیکہ-ہیں-قدری-ابوبکر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org