0
Sunday 5 Apr 2020 11:37

پنجاب حکومت کی شہریوں کو شب برات کی عبادات گھروں میں کرنے کی ہدایت

پنجاب حکومت کی شہریوں کو شب برات کی عبادات گھروں میں کرنے کی ہدایت
اسلام ٹائمز۔ کرونا وائرس کے پھیلاو کے خدشات کی وجہ سے پنجاب حکومت نے شب بارات کی عبادات انفرادی طور پر گھروں میں ادا کرنے کی ہدایت کر دی جبکہ نماز تراویح پانچ افراد مساجد میں ادا کر سکیں گے۔ کرونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر پنجاب حکومت نے شب بارات اور نماز تراویح گھروں میں ادا کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ اس حوالے سے سیکرٹری اوقاف و مذہبی پنجاب ارشاد احمد نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو مراسلہ بھجوا دیا ہے۔ یہ فیصلہ صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی پنجاب سید سعید الحسن شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں خطیب داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی اور خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد سمیت دیگر علماء کرام شریک ہوئے۔
 
اجلاس کے بعد جاری ہونیوالے مراسلے کے مطابق مساجد میں پانچ افراد نماز تراویح ادا کریں گے جبکہ شب بارات پر بھی گھروں میں رہ کر عبادات کی جائیں گی۔ مراسلہ میں شہریوں سے اپیل بھی کی گئی ہے کہ وہ انفرادی عبادات کر کے اللہ سے گناہوں کی معافی مانگیں جبکہ کرونا وائرس سے نجات کی بھی خصوصی دعائیں کی جائیں۔ اس حوالے سے مساجد کی انتظامیہ کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ مساجد انتظامیہ کو کہا گیا ہے کہ مساجد میں نمازوں کے اوقات میں شہریوں کو گھروں میں ہی نماز ادا کریں کی تلقین کی جائے۔ یاد رہے کہ 15 شعبان المعظم کو شب برات منائی جاتی ہے، اس رات سلسلہ امامت کے بارہویں تاجدار حضرت صاحب الزمان امام مہدی علیہ السلام کی ولادت بھی ہے۔ اس طرح امت مسلمہ خصوصی عبادات بجا لاتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 854765
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش