QR CodeQR Code

ضلع نگر میں کرونا کی شرح افزائش کا بنیادی سبب غیر فعال ہسپتال ہیں، شیخ میرزا علی

5 Apr 2020 20:40

اپنے ایک بیان میں حسینیہ سپریم کونسل نگر کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ موجودہ بحران میں ضلع کے تمام ہسپتالوں کی انتظامی و طبی بنیادوں پر حالت زار کسی المیہ سے کم نہیں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ حسینیہ سپریم کونسل نگرکے چیئر مین شیخ میرزا علی نے ایک بیان میں کہا ہے ضلع نگر میں کورونا وائرس کے مثبت کیس کی شرح افزائش تشویشناک ہے، جس کا بنیادی سبب ہسپتالوں کا غیر فعال ہونا ہے۔ موجودہ بحران میں ضلع کے تمام ہسپتالوں کی انتظامی و طبی بنیادوں پر حالت زار کسی المیہ سے کم نہیں ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سکندر آباد سمیت 30 بیڈ ہسپتال نگر خاص فرسٹ ایڈ ڈسپنسری کی حیثیت رکھتے ہیں جہاں نہ ضروری اسٹاف فراہم کیا جا سکا ہے اور نہ ہی ضروری آلات فراہم کئے جاسکے ہیں، جس کو تاریخی قومی المیہ قرار دیا جا سکتا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ موجودہ عالمی بحران کا مقابلہ طبی بنیادوں پر کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کو شکست دینے کا مکمل انحصار طبی صلاحیتوں اور استعداد میں بہتری لانے پر ہے جس کی طرف نہ ماضی میں توجہ دی گئی اور نہ ہی موجودہ بحرانی حالت میں سنجیدہ لیا جا رہا ہے۔ اس وقت کورونا کو شکست دینے والے سربکف مجاہدین کا کردار ادا کرنے والے میڈیکل اسٹاف میں بیشتر کا تعلق عارضی ملازمین سے ہے۔ قرنطینہ سنٹروں اور کورونا شکست مہم میں سراپا سفید لباس میں ملبوس یہ قومی ہیروز فرشتوں کی مانند دن رات جہاد میں مصروف ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ صوبائی حکومت اپنے تمام ترقیاتی عمل اور منصوبوں کے فنڈز کو قومی جہاد میں صف اول کا کردار ادا کرنے والے میڈیکل اسٹاف کو مستقل کرنے میں لگا کر قوم کی مایوسی کو دور کرے اور ہنگامی بنیادوں پر ضلع نگر سمیت گلگت بلتستان کے ہسپتالوں کو تمام سہولیات اور ضروری اسٹاف کی منظوری کیلئے وفاق سے پی سی فور منظور کروائے۔


خبر کا کوڈ: 854845

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/854845/ضلع-نگر-میں-کرونا-کی-شرح-افزائش-کا-بنیادی-سبب-غیر-فعال-ہسپتال-ہیں-شیخ-میرزا-علی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org