0
Sunday 5 Apr 2020 22:37

وزیراعلیٰ سندھ تبلیغی جماعت کے ساتھ ہونے والے مظالم کو روکیں، قاری محمد عثمان

وزیراعلیٰ سندھ تبلیغی جماعت کے ساتھ ہونے والے مظالم کو روکیں، قاری محمد عثمان
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن قاری محمد عثمان نے کہا کہ کورونا وائرس کی توپوں کا رخ مساجد اور تبلیغی جماعت کے طرف کرنا سوالیہ نشان ہے، تبلیغی جماعت کے خلاف لاک ڈاؤن، منفی پروپیگنڈے بند کرنے ہوں گے، کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے علماء اور آئمہ مساجد کے مثالی تعاون کے باوجود انہیں تختہ مشق بنانا بدترین ظلم ہے، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ تبلیغی جماعت کے ساتھ ہونے والے مظالم کو روکیں۔ وہ تنظیم العلماء پاکستان کے جنرل سکریٹری قاری اللہ داد کی دعوت پر جامع مسجد فاروق اعظم محمود آباد میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنائے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ جس کی صدارت پیرطریقت حافظ عبدالقیوم نعمانی نے کی۔ اجلاس سے میزبان قاری اللہ داد، حافظ محمد سلفی، مفتی محمد یوسف قصوری، مولانا سردار علی نوری، علامہ علی کرار نقوی، ایس ایچ او تھانہ بلوچ کالونی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

قاری محمد عثمان نے کہا کہ جب تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور ذاکرین نے کورونا وائرس جیسی مہلک وباء سے بچاؤ کیلئے حکومت سندھ کے اقدامات اور احتیاطی تدابیر کی مکمل حمایت کرتے ہوئے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا تھا تو اس کے بعد تبلیغی جماعت جو دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر امن کا کردار ادا کرتے ہوئے صرف لا الہ الا اللہ کی دعوت دیکر غیر مسلموں اور دین سے بیگانہ افراد کو اسلام کے احکامات سکھانے کا عالمی کام کررہی ہے سے دشمن جیسا سلوک کسی بھی صورت قابل برداشت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئمہ مساجد اور تبلیغی جماعت کے کروڑوں مسلمان پاکستان کے محب وطن شہری ہیں، انہیں بدنام کرنا کسی اور کا ایجنڈا ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت جو خود ملک میں کورونا وائرس پھیلانے کی ذمہ دار ہے، جس کی ناقص پالیسی اور زلفی بخاری جیسے آستین کے سانپ کی وجہ سے کورونا وائرس ملک میں داخل ہوکر پھیل رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، آئی جی سندھ مشتاق مہر سے مطالبہ کیا ہے کہ وعدے اور اعلان کے مطابق آئمہ مساجد کے خلاف قائم مقدمات اور تبلیغی جماعت کے خلاف کریک ڈاؤن کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 854877
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش