0
Sunday 5 Apr 2020 23:20

سٹے بازوں نے رمضان میں چینی کی قیمت 100 روپے لگا دی، محمد مالک

سٹے بازوں نے رمضان میں چینی کی قیمت 100 روپے لگا دی، محمد مالک
اسلام ٹائمز۔ ممتاز صحافی و اینکرپرسن محمد مالک نے انکشاف کیا ہے کہ سٹے بازوں نے رمضان المبارک میں چینی کے نرخ 100 روپے فی کلو لگائے ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ میں اتفاق کرتا ہوں کہ حکومت کا شوگر پالیسی سے سرورکارنہیں ہونا چاہیئے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے کہا کہ وزیراعظم نے گندم اور چینی بحران پر کمیٹی بنائی تھی اور ملنے والی رپورٹ پبلک کرکے اپنا وعدہ پورا کردیا۔ شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ رپورٹ پبلک کرنا پاکستانی تاریخ میں شاید پہلا قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اس رپورٹ پر ایکشن نہیں ہوتا تو یہ نقصان دہ ہوگا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ شوگر انڈسٹری کو تحفظ دینا بری بات نہیں ہے، تاہم ان کا  کہنا تھا کہ حکومت کو کاروبار کو فروغ اورر یگولیٹ کرنا چاہیئے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہم تو نئے تھے لیکن سابقہ حکومتوں نے اس حوالے سے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ شوگر سے متعلق معاملہ سال میں ایک بار کابینہ کے سامنے آتا ہے کیونکہ شوگر سے متعلق امور شوگر ایڈوائزری بورڈ دیکھتا ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ شیخ رشید اس معاملے پر ہر میٹنگ میں کہتے تھے کہ درست  طور پر حقیقت نہیں بتائی جارہی ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے دعویٰ کیا کہ پاکستان دنیا بھر میں مہنگی چینی پیدا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صرف تین ارب روپے کی سبسڈی دی جب کہ ن لیگ نے اپنے دور میں شوگر ملوں کو 22 ارب روپے کی سبسڈی دی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اپنے دور حکومت میں ہر سال 22 ارب روپے کی سبسڈی دیتی رہی تھی تو اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گندم کا مسئلہ جلد حل ہوگیا تھا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ کمیشن نے ہر شخص کے ساتھ میٹنگ کی، حتیٰ کہ وزیراعلیٰ سے بھی سوالات پوچھے گئے۔ ایک سوال پران کا کہنا تھا کہ یہ مفادات کے ٹکراؤ کا معاملہ ہے۔ شہزاد اکبر نے انکشاف کیا کہ اعجازالحق نے بھی وزیراعظم عمران خان سے اپنے والد کے جہاز حادثے میں موت پر بنائے جانے والے کمیشن کی رپورٹ پبلک کرنے کی درخواست کی ہے۔

وائس چیئرمین شوگر ملز ایسوسی ایشن نعمان احمد خان نے کہا کہ 2010ء میں بھی چینی کی قیمت 100 روپے فی کلو ہوئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی کی قیمت تقریباً تمام شوگر ملوں کی ایک ہوتی ہے لیکن ہر جگہ ملوں کی ریکوریز مختلف ہوتی ہیں۔ وائس چیئرمین شوگر ملز ایسوسی ایشن نے کہا کہ 2010ء میں بھی شوگر ملوں کو سبسڈی نہیں ملی تھی جب کہ سب سے زیادہ ٹیکس ہم دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ سالوں میں گنے کی قیمت 80 سے 180 روپے تک پہہنچ گئی ہے۔ نعمان احمد خان کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے سبسڈی لی ہے تو ہم نے چینی کو برآمد بھی کیا ہے۔ چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا احمد کا کہنا تھا کہ اس وقت مارکیٹ میں آٹے کی قیمت 805 روپے ہے۔ عاصم رضا احمد نے کہا کہ فیڈ ملوں کو رعایتی نرخوں پہ گندم دیا گیا جس پر ہم نے اعتراض کیا تھا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فوڈ ڈیپارٹمنٹ میں سیکریٹری فوڈ بھی تبدیل ہوتے رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 854880
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش