0
Sunday 5 Apr 2020 23:48

کورونا وائرس، امداد میں بھی مہاجروں کیساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے، سلیم حیدر

کورونا وائرس، امداد میں بھی مہاجروں کیساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے، سلیم حیدر
اسلام ٹائمز۔ مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے شہری علاقوں کو دو ہفتے سے لاک ڈاؤن کئے جانے کے بعد کروڑوں شہریوں کو گھروں میں تو محصور کر دیا گیا، لیکن مراد علی شاہ کی سندھ حکومت نے ابھی تک نہ تو حکومتی امداد انہیں پہنچائی ہے اور نہ ہی اُن کی دیگر ضروریات کا خیال کیا جا رہا ہے۔ اپنے ایک بیان میں سلیم حیدر نے کہا کہ حالت یہ ہے کہ امداد تک بھی پسند اور نہ پسند کی بنیاد پر تقسیم کی جا رہی ہے اور اس میں بھی مہاجروں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے، جو کہ سندھ حکومت کی متعصبانہ سوچ کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 70 سال سے وفاقی اور صوبائی حکومتیں کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص سمیت شہری علاقوں کے عوام سے کھربوں روپے سالانہ ٹیکس وصول کرتی ہیں، لیکن جب بھی قدرتی آفات ہو یا کوئی مصیبت، حکومتیں شہری علاقوں کے مہاجروں کو نظرانداز کر دیتی ہے، اس مرتبہ بھی یہی صورتحال ہے، جو مہاجروں کے ساتھ ظلم کی انتہا ہے۔

سلیم حیدر نے کہا کہ اب مہاجر یہ سمجھنے لگے ہیں کہ اِن حکومتوں کا مہاجروں کے ساتھ رویہ ظالمانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس کراچی کے عوام دیتے ہیں، جس کے بدلے میں انہیں ہر سطح پر نظرانداز کیا جاتا ہے، مہاجروں سے حاصل کئے جانے والا ٹیکس یا تو حکمرانوں کی عیاشیوں کی نظر ہوتا ہے یا پھر غیر مہاجروں پر لگایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ سمیت دیگر جماعتیں برسوں سے ملک کے وسائل کو لوٹ رہی ہیں، لیکن افسوس کہ کورونا کی وباء سے ہونے والی تباہی پر کسی ایک پارٹی کی قیادت یا اس کے وزراء نے اپنی جیب سے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا، بلکہ وہ اس موقع پر بھی اپنی لوٹ مار جاری رکھے ہوئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 854886
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش