0
Monday 6 Apr 2020 03:50

قائد حزب اختلاف سندھ کا کورونا وائرس کی وجہ سے معاشی بحران کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کو خط

قائد حزب اختلاف سندھ کا کورونا وائرس کی وجہ سے معاشی بحران کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کو خط
اسلام ٹائمز۔ قائد حزب اختلاف سندھ و سینئر رہنماء تحریک انصاف فردوس شمیم نقوی نے سندھ کی معاشی صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو خط لکھ دیا، خط میں اپنا واضح موقف اپنایا اور کہا کہ کورونا وائرس کے بحران کی وجہ سے معیشت کو بہت بڑا دھچکا لگا ہے، ہمیں موجودہ صورتحال کا ازالہ کرنے کی ضرورت ہے اور سندھ کی معاشی منصوبہ بندی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ قائد حزب اختلاف سندھ نے مزید کہا کہ ہمیں یہ منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے کہ ہم کس طرح روزگار کو فروغ دے سکتے ہیں، لوگوں کے لئے مزید ملازمتیں پیدا کریں تاکہ سندھ کی معیشت ٹھیک ہوسکے، ہمیں آگے کی منصوبہ بندی کرنے کے لئے ایک کمیٹی قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ ہمیں نجی شعبے کو فروغ فراہم کرنے اور زیادہ تر سرکاری پیسہ ان علاقوں میں خرچ کرنے کی ضرورت پیش ہوگی جہاں زیادہ سے زیادہ ملازمتیں پیدا ہوں، پچھلے بارہ سالوں میں سندھ حکومت کی جانب سے ہم نے بہت کم کامیاب منصوبے اور ان پر عمل درآمد دیکھا ہے، جس میں کے فور، ایس تھری، اورنج لائن، چار ہزار پرائمری اسکول چار ہزار سیکنڈری اسکول دو ہزار بسیں و دیگر شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں نیا مراد علی شاہ پسند ہے، مجھے امید ہے کہ وہ پرانے والے کو دوبارہ زندہ نہیں ہونے دیں گے، ہم ایک جرات مندانہ، فیصلہ کن، پرعزم اور ایک ایماندار وزیراعلیٰ دیکھنا چاہیں گے، جو کرپشن اور اقربا پروری کے لئے صفر رواداری کا حامل ہوگا، جو گزشتہ تین دہائیوں سے صوبے میں غالب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم تنقید نہیں کرنا چاہتے پر ہم آپ کو تمام اچھے کام کے لئے اپنا تعاون پیش کریں گے، ہم کرپشن برداشت نہیں کریں گے جو ماضی میں اس حکومت کا خاصہ رہا ہے، ہم بھی ایک شاٹ میں 1200 پوائنٹس کی شرح سود کو کم کرنے جیسے مطالبات کی حمایت کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں، ہم لوگوں کو وعدوں کے ذریعے نہیں بلکہ ان وعدوں کو پورا کرنے پر یقین رکھتے ہیں جو پائیدار اور قابل عمل ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ آپ اور ہمارے لوگ محنت کریں اور مہذب زندگی گزاریں، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کے لئے کافی روزگار پیدا کریں تاکہ وہ اپنے خوابوں کے حصول کے لئے سندھ اور پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر لے جانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 854913
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش