QR CodeQR Code

اپوزیشن کا ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق کارروائی کا مطالبہ

6 Apr 2020 09:02

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ آٹا چینی چور آج بھی عمران خان کے دائیں بائیں کھڑے ہیں، عوام بہت پہلے جانتے تھے کہ اس ملک میں چینی چور کون ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں ایف آئی اے کی رپورٹ پر کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے چیئرمین بھی ہیں، یہ رپورٹ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف فردِ جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیکھتے ہیں کہ وزیراعظم اپنے اور وزیراعلیٰ کے خلاف اس بڑے پیمانے کی کرپشن اور اقرباپروری پر کیا کارروائی کرتے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا اصل امتحان اب ہو گا کہ ان کے قریبی دوست گرفتار ہوتے اور جیل جاتے ہیں یا نہیں؟ ان سے قوم کا پیسا واپس حاصل کیا جاتا ہے یا نہیں؟۔ 

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا کہ آٹا چینی چور آج بھی عمران خان کے دائیں بائیں کھڑے ہیں، عوام بہت پہلے جانتے تھے کہ اس ملک میں چینی چور کون ہیں۔کرپشن کیخلاف نعرے لگانے والے اپنے وزراء کی چوری چھپانے کیلئے مختلف حیلے بہانے تلاش کرتے رہے ہیں، انکوائری رپورٹ نے واضح کر دیا کہ اس حکومت کے لانے میں جن سرمایہ داروں کا ہاتھ تھا، جنہوں نے سرمایہ کاری کی، انہیں بدلے میں بہت کچھ دیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ اسکینڈل میں ملوث لوگ بے نقاب ہو چکے اب کس بات کا انتظار ہے، فرازنک رپورٹ کی آڑ میں عمران خان کے پیاروں کو بچایا لیا جائے گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ چینی کے بحران پر انکوائری رپورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی گڈگورننس کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ نیر بخاری نے ایک بیان میں کہنا ہے کہ رپورٹ میں وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں کو چینی کے بحران کا ذمے دار قرار دیا گیا ہے۔

دریں اثناء ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومتی ترجمان کو چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی ترجمان کی پریس کانفرنس ایف آئی آئے کی آٹا اور چینی چوری کے حقائق سے برعکس ہے، حکومتی ترجمان کی رپورٹ الگ، ایف آئی اے کی رپورٹ الگ ہے، حقائق مسخ کرنے سے وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کی چوری چھپ نہیں سکتی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے منہ پر کرپشن کی کالک لگ چکی ہے، حکومتی ترجمان اپنے جھوٹ سے دوسروں پر ملنے کی ناکام کوشش نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کا نام لے کر اب عمران صاحب اور بزدار صاحب کی چوری کوئی حکمران نہیں چھپا سکتا۔انہوں نے کہا کہ عمران صاحب اپنی ہر چوری پکڑے جانے پر آخر کب تک شریف خاندان پر جھوٹے الزامات کے پیچھے چھپتے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ حکومتی ترجمان بتاتیں کہ وزیراعظم، وزیراعلی پنجاب کو آج کس وقت ہتھکڑی لگے گی؟۔


خبر کا کوڈ: 854929

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/854929/اپوزیشن-کا-ایف-ا-ئی-اے-کی-رپورٹ-کے-مطابق-کارروائی-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org