0
Monday 6 Apr 2020 23:14

ملتان سے سرگودھا آنیوالے زائرین کا احتجاج، ایم ڈبلیو ایم کی مداخلت پر معاملات طے

ملتان سے سرگودھا آنیوالے زائرین کا احتجاج، ایم ڈبلیو ایم کی مداخلت پر معاملات طے
اسلام ٹائمز۔ ملتان سے سرگودھا پہنچنے والے زائرین نے انتظامیہ کیخلاف احتجاج کیا، تاہم مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں کی مداخلت پر معاملات طے پاگئے۔ ذرائع کے مطابق ملتان قرنطینہ سینٹر سے سرگودھا آنے والے زائرین جن میں 49 مرد 3 خواتین اور 1 بچی شامل تھی، انہیں ملتان سے سرگودھا قرنطینہ سینٹر لایا گیا تو زائرین نے کہا کہ ہمیں ملتان سے گھر لے جانے کے لئے کہا گیا تھا، ہم پہلے 14 دن ملتان کے قرنطینہ سینٹر میں رہے ہیں، اب ہم سرگودھا کے قرنطینہ سینٹر میں نہیں رہیں گے، زائرین نے قرنطینہ سینٹر کے باہر ہی دھرنا دے دیا اور احتجاج شروع کر دیا۔ زائرین پریشانی اور ڈر کی کیفیت میں ہونے کی وجہ سے حکومت کی بات ماننے کو تیار نہ تھے اور قرنطینہ سینٹر میں جانے سے انکاری تھے۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے مجلس وحدت مسلمین پولیٹکل کونسل کے رکن علامہ ملازم نقوی، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب ملک نصیر اور بشیر حسین خان نے انتظامیہ کے ساتھ رابطہ میں آکر اس معاملہ کو حل کر وانے کے لئے زائرین اور انتظامیہ کے مذاکرات کروائے اور انتظامیہ کو زائرین کے تحفظات سے آگاہ کیا۔

زائرین کا مطالبہ تھا کہ قرنطینہ سینٹر کی بلڈنگ اور ان کے کمروں کو تالہ نہ لگایا جائے، زائرین کی متعلقہ تحصیل میں پہنچنے کے بعد تحصیل انتظامیہ انہیں تنگ نہ کرے اور مزید قرنطینہ سینٹر میں نہ ڈالے۔ زائرین کے گھروں کے باہر کرونا وائرس اور قرنطینہ کے سٹیکر نہ لگائے جائیں اور پہلے سے ان کے گھروں میں موجود اہل خانہ کو تنگ نہ کیا جائے۔ کرونا وائرس کے ٹیسٹ کا رزلٹ آنے کے بعد جن افراد کا رزلٹ نیگٹو ہو، ان کو گھر جانے کی اجازت دے دی جائے اور انہیں مزید قرنطینہ میں نہ رکھا جائے۔ قرنطینہ سینٹر میں رہائش اور کھانے پینے کا مناسب نظام ہو۔ جس پر وہاں موجود متعلقہ ڈی سی او اور اے سی نے زائرین کے مطالبات کو مان لیا اور کہا کہ انتظامیہ کی طرف سے ایک تحریر دی جائے گی، جو کہ رزلٹ منفی آنے والے افراد کو پرُ کرنا ہوگی۔ اس کے بعد علامہ ملازم نقوی نے وہاں موجود زائرین سے گفتگو کی اور کہا مجلس وحدت مسلمین زائرین کے ساتھ کسی طرح کی زیادتی برداشت نہیں کرے گی، ملتان میں بھی مجلس وحدت کے اکابرین نے زائرین کی خدمت کی ہے اور یہاں پر بھی ہم کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے، انتظامیہ کی یقین دہانی پر زائرین نے احتجاج ختم کر دیا اور قرنطینہ سینٹر میں چلے گے۔
خبر کا کوڈ : 854956
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش