0
Monday 6 Apr 2020 16:05

سندھ کے 1200 مریضوں کو ایکسپو سینٹر میں منتقل کرنیکی ہدایت

سندھ کے 1200 مریضوں کو ایکسپو سینٹر میں منتقل کرنیکی ہدایت
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ نے حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ 1200 بستروں پر مشتمل ایکسپو سینٹر میں قائم قرنطینہ مرکز میں مریضوں کو منتقل کیا جائے، جبکہ دیکھ بھال کرنے والے ڈاکٹروں کو قریبی واقع ہوٹل میں الگ الگ کمرے دیئے جائیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں کراچی سمیت صوبے بھر کی صحت عامہ سے متعلق کیے گئے اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صحت، چیف سیکریٹری، پرنسپل سیکریٹری، سیکریٹری انویسٹمنٹ، ایڈیشنل سیکریٹری صحت، ریحان بلوچ سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کے 6 اسپتالوں میں 104 بستروں پر مشتمل آئی سی یو قائم کرنے کی ہدایت کی، آئی سی یو کیلئے سول اسپتال میں 12، جناح اسپتال میں 15، لیاری جنرل اسپتال میں 18، ٹراما سینٹر میں 26، ڈاؤ اوجھا میں 8 اور سروسز اسپتال میں 25 بستروں پر مشتمل یہ وارڈز قائم کیے جائیں گے۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے آئی سی یو وارڈز کی تیاری کی ہے، تاکہ بروقت ضرورت کوئی پریشانی نہ ہو، جبکہ 193 بستروں کا آئیسولیشن وارڈ 3 اسپتالوں میں قائم کیا گیا ہے، جس میں 59 بستروں کا آئیسولیشن وارڈ سول اسپتال، 65 بستروں کا جناح اسپتال اور لیاری جنرل اسپتال میں 69 بستروں پر مشتمل وارڈ قائم کیے جائیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان اسپتالوں میں مریضوں کو منتقل کرنا شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ 1200 بستروں پر مشتمل ایکسپو سینٹر میں بھی مریضوں کو منتقل کیا جائے گا۔ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ایکسپو سینٹر کے قریب اگر ہوٹل ہے، تو ایک ماہ کی بکنگ کرکے ڈاکٹرز کیلئے رہائش کا بندوبست کیا جائے گا، ہر ڈاکٹر کو الگ روم میں فراہم کیا جائے گا، کیونکہ اپنے ڈاکٹروں اور دیگر عملے کا بھی خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اللہ پاک کا کرم ہے کہ ہم تیاری کے حساب سے بہتر جا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 854980
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش