0
Sunday 17 Jul 2011 02:03

پاکستان کی عوام اور اسکی قومی وحدت کا حقیقی دشمن امریکہ ہے، آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای

پاکستان کی عوام اور اسکی قومی وحدت کا حقیقی دشمن امریکہ ہے، آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای
اسلام ٹائمز- فارس نیوز ایجنسی کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اور پاکستان کی قومی وحدت کا حقیقی دشمن امریکہ ہے۔ یہ بات انہوں نے کل ہفتے کے دن صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری سے اپنی ملاقات میں کہی۔ قائد انقلاب اسلامی ایران نے پاکستان اور ایران کے درمیان دینی، تاریخی اور ثقافتی مشترکات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ملت پاکستان ایک عظیم قوم ہے جو طویل اور مسلسل جدوجہد پر مشتمل عظیم تاریخ کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملت پاکستان اسلام پر اعتقاد رکھنے والی قوم ہے اور پاکستان کی ہر کامیابی اور ترقی ایران کیلئے باعث مسرت ہے۔
ولی امر مسلمین حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ پاکستانی عوام کی طویل جدوجہد کے دوران محمد علی جناح اور اقبال لاہوری جیسی شخصیات ابھر کر سامنے آئیں اور اس جدوجہد کی نمایاں خصوصیت پاکستانی عوام کا اسلام سے لگاو تھا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر نے زور دے کر کہا کہ پاکستانی عوام کا موجودہ مشکلات اور مسائل سے نجات کا واحد راستہ بھی اسلام سے لگاو اور اسلامی تعلیمات پر عمل کو جاری رکھنا ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بیرونی دشمنوں کی جانب سے پاکستان کی قومی وحدت اور ملکی سالمیت کو درپیش واضح خطرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام اور ملکی سالمیت کی حقیقی دشمن مغربی قوتیں خاص طور پر امریکہ ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ خداوند متعال جلد از جلد ملت پاکستان کو دشمنوں کے شر سے نجات دلائے۔
صدر پاکستان آصف علی زرداری نے آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے کم مدت میں دوبارہ ملاقات ہو جانے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ خداوند متعال پر اعتقاد اور اسلام سے لگاو انسان کی ترقی اور مشکلات سے نجات کا باعث ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے ملت ایران کی جدوجہد اور استقامت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور ملت ایران کا ترقی کے راستے پر گامزن ہونا اور اس راستے میں ثابت قدم رہنا سب کیلئے نمونہ ہے۔ انہوں نے ایران اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون پر زور دیا۔
خبر کا کوڈ : 85500
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش