QR CodeQR Code

کورونا وائرس نے سپر پاور کا معیار بدل دیا ہے، چودھری شجاعت

6 Apr 2020 18:48

مسلم لیگ ق کے سربراہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس نے ثابت کر دیا ہے کہ سپرپاور اور سپر پلانر صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے، نیوکلیئر ہتھیاروں اور اپنی عسکری و دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ پر کھربوں ڈالر خرچ کرنیوالوں کو سمجھ جانا چاہیئے کہ یہ رقوم لوگوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے خرچ کی جانی چاہئیں۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس نے سپر پاور کا معیار بدل دیا ہے اور یہ ثابت کر دیا ہے کہ سپرپاور اور سپر پلانر صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے، نیوکلیئر ہتھیاروں اور اپنی عسکری و دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ پر کھربوں ڈالر خرچ کرنیوالوں کو سمجھ جانا چاہیئے کہ یہ رقوم لوگوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے خرچ کی جانی چاہئیں۔ لاہور میں پارٹی رہنماوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ تمام عالمی لیڈر مل بیٹھ کر اس مسئلہ پر غور کریں کہ دنیا پر اپنا تسلط قائم کرنے کیلئے سپر پاور بننے پر خرچ کیے جانیوالے تمام وسائل انسانی صحت اور فلاح و بہبود کیلئے خرچ ہونے چاہئیں۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ کورونا وائرس سے ملنے والا یہ سبق خود کو سپر پاور سمجھنے والوں سمیت سب کو دل سے اور عملی طور پر تسلیم کرنا چاہئے کہ سپر پاور اور سپر پلانر صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے کیونکہ یہ ثابت ہو گیا ہے کہ ایٹم بم، میزائل یا کوئی دوسرا ملک مہلک ترین ہتھیار بھی کورونا کو ختم نہیں کر سکتا اور نہ اس پر قابو پانے میں مدد کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلحہ کی طاقت پر ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کیلئے دن رات ایک کرنیوالی بڑی طاقتوں کو بالخصوص ہم سب کو مل کر اس بیماری کا مقابلہ کرنا اور صحت عامہ کی سہولتوں کو ایسا بنانا ہے کہ وہ کسی بھی کورونا وائرس جیسی عالمی وبا کو شکست دے سکیں، اگر اس وائرس کیخلاف جنگ پر دل کھول کر فنڈز نہ لگائے گئے تو یہ بیماری اگلے پانچ سال بھی ختم نہیں ہوگی اور فوجی طاقت کے بل پر ایک دوسرے کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے منصوبے بنانے والے لیڈر خود بھی ختم ہو سکتے ہیں اور ان کا اسلحہ ان کے بھی کسی کام نہیں آئے گا۔


خبر کا کوڈ: 855024

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/855024/کورونا-وائرس-نے-سپر-پاور-کا-معیار-بدل-دیا-ہے-چودھری-شجاعت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org