0
Tuesday 7 Apr 2020 23:10

آٹا، چینی بحران کے ذمہ داروں کو سخت سے سخت سزاء دی جائے، مشتاق خان

آٹا، چینی بحران کے ذمہ داروں کو سخت سے سخت سزاء دی جائے، مشتاق خان
اسلام ٹائم۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے چینی و آٹا بحران کے تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹس سامنے آنے پر فوراً ذمہ داران کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے موجودہ حکومت کی کارکردگی کو انتہائی ناقص اور غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت انتہائی نااہل اور کرپٹ لوگوں کا ٹولہ ہے، جو اس ملک پر مسلط ہے اور ماضی کی حکومتوں کا تسلسل ہے۔ جس کا مقصد چند خاندانوں، سرمایہ داروں اور وڈیروں کے مالی مفادات کا تحفظ، ان کی کرپشن و لوٹ مار کو قانونی تحفظ اور حیثیت فراہم کرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پورے بحران کے ذمہ دار وزیراعظم عمران خان خود ہیں، کیونکہ جتنے بھی نام اس تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ میں آئے ہیں، وہ سارے عمران خان کی کچن کیبنٹ کے اور قریبی دوست ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ مصنوعی بحران باقاعدہ منصوبہ بندی سے پیدا کیا گیا تھا، جہاں ایک طرف ذخیرہ اندوزی سے ناجائز منافع کمایا گیا تو دوسری طرف حکومتی سبسڈی سے بھی انہی لوگوں نے اربوں روپے وصول کیے۔ انہوں کہا کہ سیکرٹری فوڈ سکیورٹی کے تحفظات کے باوجود ای سی سی نے چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تھی، جس کی سربراہی وزیراعظم خود کر رہے تھے، جس سے ملک میں چینی کی قلت پیدا ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے دعویدار عوام سے جینے کا حق اور دو وقت کی روٹی بھی چھین رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف رپورٹ منظر عام پر لانے سے بات ختم نہیں ہوگی، ان تمام افراد کو کابینہ اور پارلیمان سے نکال کر ان کو جیلوں میں ڈالا جائے اور لوٹی ہوئی رقم خزانہ میں جمع کروائی جائے۔
خبر کا کوڈ : 855026
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش