QR CodeQR Code

چینی بحران پر رپورٹ وزیراعلٰی پنجاب کے پُراسرار کردار پر مکمل خاموش ہے، شاہد خاقان عباسی

6 Apr 2020 20:23

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جس نے 2019ء میں چینی کی برآمد پر شوگر ملز کو 5 روپے فی کلو سبسڈی دی، چینی کی برآمدات کی اجازت ملنے سے مقامی مارکیٹ میں چینی مہنگی ہوئی جس سے ترین گروپ نے مزید 20 ارب روپے اور رحیم یار خان گروپ نے 15 ارب روپے کمائے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اورسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ چینی بحران پر انکوائری رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کے پراسرارکردار پر مکمل خاموش ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جس نے 2019ء میں چینی کی برآمد پر شوگر ملز کو 5 روپے فی کلو سبسڈی دی، ایسی فیاضی نہ سندھ نے کی اور نہ خیبرپختونخوا حکومت نے کی۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ چینی کی برآمدات کی اجازت ملنے سے مقامی مارکیٹ میں چینی مہنگی ہوئی، جس سے ترین گروپ نے مزید 20 ارب روپے اور رحیم یار خان گروپ نے 15 ارب روپے کمائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو اس سوال کا جواب نہیں ملا کہ جو چینی 2018ء میں 55 روپے کلو تھی وہ 40 فیصد مہنگی کیوں ہوگئی۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چینی کی قیمت میں اضافے کا کون ذمہ دار ہے اس کا پتا چلانا ضروری ہے اور چینی بحران پر حقائق عوام کے سامنے رکھنا ضروری ہیں، رپورٹ میڈیا نے جاری کی ہے حکومت نے نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے چینی پر جو سبسڈی دی، اس کا فائدہ کسانوں کو نہیں ہوا بلکہ فائدہ اٹھانے والے کابینہ کی ٹیبل پر بیٹھتے ہیں۔
 


خبر کا کوڈ: 855047

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/855047/چینی-بحران-پر-رپورٹ-وزیراعل-ی-پنجاب-کے-پ-راسرار-کردار-مکمل-خاموش-ہے-شاہد-خاقان-عباسی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org