0
Monday 6 Apr 2020 22:19
136 اسپتالوں میں 3300 وینٹی لیٹرز موجود ہیں، چیئرمین این ڈی ایم اے

کورونا اپڈیٹس، متاثرین میں 397 کا اضافہ، تعداد 3505 ہو گئی، 50 جاں بحق، 257 صحتیاب، 17 کی حالت تشویشناک

رواں ہفتے حقداروں کو 12 ہزار ملنے کا سلسلہ شروع ہو جائیگا، فردوس عاشق
کورونا اپڈیٹس، متاثرین میں 397 کا اضافہ، تعداد 3505 ہو گئی، 50 جاں بحق، 257 صحتیاب، 17 کی حالت تشویشناک
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 397 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3505 ہو گئی ہے۔ قومی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 397 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3505 ہوگئی جن میں 257 صحت یاب ہو گئے ہیں۔ وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 50 ہو گئی جب کہ 17 کی حالت تشویش ناک ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 1493، سندھ میں 881، خیبر پختونخوا میں 405، بلوچستان میں 191، گلگت بلتستان میں 210، اسلام آباد میں 82 جب کہ آزاد کشمیر میں کورونا کے 16 مریض ہیں۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1933 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کے 35 ہزار 875 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ ملک کے 136 اسپتالوں میں اس وقت 3300 وینٹی لیٹرز موجود ہیں جب کہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کے لیے حفاظتی کٹس کی بروقت فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کو اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران دی جانے والی بریفنگ میں یہ تفصیل پیش کی گئی۔ اجلاس ملک میں کورونا وائرس کے حوالے سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم ہاؤس میں اجلاس منعقد کیا گیا تھا۔ وزیراعظم کو بریفنگ چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے دی۔ جائزہ اجلاس میں وزیراعظم کو کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی نگہداشت کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے بریفنگ میں بتایا کہ این ڈی ایم اے نے اسپتالوں کی انتظامیہ سے براہ راست رابطہ استوار کر لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 49 ہزار 500 حفاظتی کٹس پہلے ہی تمام صوبوں کے مختلف اسپتالوں میں فراہم کی جا چکی ہیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ مزید کٹس کی فراہمی آئندہ ایک دو روز میں مکمل کرلی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا ٹیسٹ  کی استعداد میں اضافہ کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا تھا کہ ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ سطحی اجلاس کو بتایا کہ تیکنیکی عملے کی دستیابی اور ان کی تربیت کے لیے بھی خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹاف فرنٹ لائن پر ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کو ہرحال میں حفاظتی سامان فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح طور پر ہدایات دیں کہ اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ چھٹیوں کے دوران پنجاب کے تمام نجی اسکولوں کی فیس 20 فیصد کم اور صرف ماہانہ بنیاد پر وصول کی جائے۔ اس دوران اسکولوں کو تمام اساتذہ اور عملے کی تنخواہوں کی مکمل اور بروقت ادائیگی کا پابند بنایا جائے گا اور کسی اسکول کو اساتذہ یا عملے کو نکالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے حقداروں کو 12 ہزار روپے فی خاندان ملنے کاسلسلہ شروع ہو جائے گا۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق صوبے میں لاک ڈاؤن میں ایک ہفتے تک توسیع کر دی گئی ہے۔ جس کے بعد 14 اپریل تک لاک ڈاؤن رہے گا۔ اشیائے ضروریہ کی دکانیں صبح 9 سے شام 5 بجے تک جب کہ دودھ اور دہی کی دکانیں رات 8 بجے تک کھلیں گے۔ دوسری جانب افغان حکومت نے پاکستان سے درخواست کی تھی کہ پاک افغان سرحد پر آمدورفت کو عارضی طور پر بحال کیا جائے تاکہ افغان شہری وطن واپس آ سکیں، جس پر پاکستان نے انسانی بنیادوں اور جذبہ خیر سگالی کے تحت پاک افغان سرحد کو 9 اپریل تک یک طرفہ پیدل آمدروفت کے لیے عارضی طور پر کھول دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 855058
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش